پٹرولنگ پولیس نے مضر صحت گوشت کی بڑی کھیپ پکڑ لی

ٹوبہ ٹیک سنگھ (نامہ نگار) پٹرولنگ پولیس نے شاہراہوں پر موثر گشت اور ناکہ بندی کے دوران مضر صحت گوشت کی بڑی کھیپ پکڑ کر دو ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق پٹرولنگ پوسٹ چک نمبر 390 ج ب کے سب انسپکٹر ظہیر عباس ہمراہ ملازمان بائی پاس موڑ اکال والا روڈ پر معمول کی گشت و ناکہ بندی پر موجود تھے کہ اس دوران ایک مشکوک کار نمبر NE/787 (سیاہ رنگ، ماڈل 2008) جو ماجھی سلطان کی جانب سے آ رہی تھی، کو روک کر چیک کیا گیا۔تلاشی لینے پر گاڑی کی ڈگی سے بھینس کا گوشت برآمد ہوا، جس پر فوری طور پر محکمہ لائیو سٹاک اور پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ٹیموں کو موقع پر طلب کیا گیا۔ ڈاکٹر نے معائنہ کے بعد گوشت کو مضر صحت قرار دے دیا،جسے موقع پر تلف کر دیا گیا۔ مزید تفتیش پر ملزمان کی شناخت ابراہیم ولد محمد نواز قوم قصائی سکنہ ماجھی سلطان روڈ تحصیل شورکوٹ ضلع جھنگ اور غلام مجتبی ولد عمر حیات قوم ملاح سکنہ جھنگ کے طور پر ہوئی۔ملزمان نے دورانِ تفتیش انکشاف کیا کہ وہ یہ مردہ اور غیر معیاری گوشت فروخت کے لیے لے جا رہے تھے۔ برآمد شدہ گوشت کا وزن تقریبا 5 من بتایا گیا ہے۔پٹرولنگ پولیس نے قانونی کارروائی شروع کرتے ہوئے ملزمان کو تھانہ سٹی ٹوبہ ٹیک سنگھ پولیس کے حوالے کر دیا ہے، جہاں ان کے خلاف مقدمہ درج کیا جا رہا ہے۔ڈی ایس پی پٹرولنگ آصف رحیم بٹ کی زیر نگرانی ہونے والی اس کامیاب کارروائی پر انہوں نے ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے ساتھ ساتھ دیگر معاشرتی جرائم کے خاتمے اور عوام کو سہولیات کی فراہمی پٹرولنگ پولیس کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ انسانی صحت سے کھیلنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی اور ایسے عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں