لاہور (بیوروچیف) پنجاب حکومت نے پٹرول پمپ کے قیام کا عمل آسان اور تیز تر بنا دیا ہے، جس سے سرمایہ کاروں اور کاروباری حضرا ت کو دفاتر کے چکر نہیں لگانے پڑیں گے۔اب پٹرول پمپ کے قیام کے لیے صرف ایک مرکزی این او سی درکار ہو گا، جو آن لائن حاصل کیا جا سکے گا۔ اس سے قبل متعدد محکموں سے الگ الگ این او سی لینا لازم تھا، جن میں ٹیپا، ایل ڈی اے، سول ڈیفنس،ٹریفک پولیس،اسسٹنٹ کمشنر،ریسکیو 1122،لوکل گورنمنٹ،محکمہ ماحولیات شامل تھے۔اب درخواست گزار گھر بیٹھے ایل ڈی اے این او سی کے ساتھ آن لائن درخواست دے سکے گا۔درخواست جمع ہونے کے بعد ڈپٹی کمشنر 15 دن میں منظوری یا انکار کرے گا۔انکار کی صورت میں واضح وجہ دینا لازمی ہو گا۔پہلے پٹرول پمپ کی منظوری میں 6 ماہ سے 1 سال لگ جاتا تھا۔نئے نظام سے وقت اور پیسے دونوں کی بچت ہوگی۔پمپ کے لیے کم از کم 2 کنال جگہ اور 80 فٹ فرنٹ ضروری ہوگا۔اب صرف 6 ضروری دستاویزات درکار ہوں گی، جبکہ پہلے 16 لگتی تھیں۔یہ تمام تجاویز انڈسٹریز ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے تیار کی گئیں۔تجاویز کو وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیرصدارت کابینہ اجلاس میں منظور کر لیا گیا ہے۔




