اسلام آباد (بیوروچیف) حکومت نے نئی پیٹرولیم قیمتوں کا اعلان کرتے ہوئے پیٹرول کی قیمت کو موجودہ سطح پر برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کا باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ اس کے برعکس دیگر مصنوعات میں نمایاں کمی کی گئی ہے، جس سے عوام کو ریلیف دیا گیا ہے۔اعلامیے کے مطابق ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں بڑی کمی کی گئی ہے۔ 32 روپے 12 پیسے فی لیٹر کمی کے بعد ڈیزل کی قیمت 385 روپے 54 پیسے سے گھٹ کر 353 روپے 43 پیسے فی لیٹر مقرر ہو گئی ہے۔پیٹرول کی قیمت میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی، تاہم ڈیزل سستا ہونے سے ٹرانسپورٹ کے اخراجات میں کمی اور اس کے نتیجے میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں بھی کمی آنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔اسی دوران توانائی مصنوعات میں مزید ریلیف دیتے ہوئے مٹی کے تیل کی قیمت میں بھی 21 روپے 34 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی ہے، جس کے بعد نئی قیمت 428 روپے 81 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے۔ادھر حکومت نے مالیاتی محاذ پر پیش رفت کرتے ہوئے 500 ملین ڈالر مالیت کے یوروبانڈز کے اجرا کا بھی اعلان کیا ہے، جو معیشت کے استحکام کی کوششوں کا حصہ قرار دیا جا رہا ہے۔




