فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) مسلم لیگ ن کے رہنما اوراین اے 101سے سابق ٹکٹ ہولڈر میاں عرفان منان نے کہاہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے بعد براہِ راست فائدہ عوام کو منتقل ہونا چاہئے۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے پریشان عوام کوقیمت کم ہونے کے بعد تاجر برادری کوبھی احساس کرکے ازخود تمام اشیا کی قیمتوں میں کمی کرنی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے بعد ٹرانسپورٹ کے کرائے اوراشیائے ضروریہ کی لاگت کم ہوگی، جس سے ملک میں مہنگائی کی موجودہ لہر میں نمائیاں کمی ہوگی حکومت عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے اپنے وعدے میں کامیاب رہی ہے۔ ان کاکہناتھاکہ خطے کی معاشی صورتحال میں بہتری اور عالمی منڈی میں تیل سستا ہونے کا پورا فائدہ عوام کو دیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی متوازن معاشی پالیسیوں کی بدولت مہنگائی کو کنٹرول کیا گیا ہے اور پٹرول کی قیمتوں میں کمی سے عام آدمی کی قوتِ خرید میں اضافہ ہوگا۔




