فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ایس ڈی او پیرا سٹی فیصل آباد نعمان مجید کی ہدایت پر پیرا انفورسمنٹ ٹیم نے شہر کے مختلف بازاروں اور مارکیٹس میں پرائس کنٹرول اور اینٹی انکروچمنٹ آپریشن کے حوالے سے بھرپور کارروائیاں کیں۔ اس دورا ن انفورسمنٹ آفیسر محمد مہدی اور انویسٹیگیشن آفیسر محمد حمزہ نے اپنی ٹیم کے ہمراہ مشترکہ طور پر کارروائی کرتے ہوئے سرکاری نرخنامے پر عملدرآمد کو یقینی بنایا اور ناجائز تجاوزات کے خلاف آپریشن کیا۔دورانِ چیکنگ زائد قیمت وصول کرنے والے دکانداروں کو موقع پر وارننگز جاری کی گئیں جبکہ متعدد خلاف ورزیوں پر قانونی کارروائی بھی عمل میں لائی گئی۔ اسی طرح تجاوزات کے خاتمے کے لیے دکانوں کے باہر قائم غیر قانونی سٹالز اور رکاوٹیں ہٹوا دی گئیں اور ریموول آرڈرز جاری کیے گئے تاکہ شہریوں کو آمدورفت میں درپیش مسائل سے نجات دلائی جا سکے۔پیرا ٹیم نے واضح کیا کہ حکومتی احکامات پر عملدرآمد کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا اور کسی کو بھی قانون کی خلاف ورزی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ دکانداروں اور تاجروں کو ہدایت کی گئی کہ وہ مقررہ نرخوں کی پابندی کریں اور اپنی حدود میں رہتے ہوئے کاروبار کریں، بصورت دیگر مزید سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ شہریوں کی سہولت اور منصفانہ کاروباری ماحول کو برقرار رکھنے کے لیے ایسے اقدامات تسلسل کے ساتھ جاری رہیں گے۔




