فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) تھانہ پیپلزکالونی پولیس کا ظالمانہ اقدام’ رات گئے خاتون کے گھر پر دھاوا’ پولیس اہلکار چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کرتے ہوئے گھر سے نقدی’ سونا’ موٹر سائیکل اور خاتون کی تین بیٹیوں کو اغواء کر کے لے گئے۔ تفصیل کے مطابق گزشتہ رات 2بجے کے قریب تھانہ صدر کے علاقہ عثمان آباد گلی نمبر4 کی رہائشی نجمہ بی بی کے گھر تھانہ پیپلزکالونی کے اہلکاروں نے دھاوا بول دیا اور چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کرتے ہوئے دیواریں پھلانگ کر گھر کے اندر گھس گئے۔ نجمہ بی بی کے مطابق پولیس اہلکاروں نے میری جواں سال بیٹیوں پر تشدد کیا اور انتہائی بدتمیزی کی اور جاتے ہوئے گھر سے نقدی’ سونا اور ہنڈا 125 موٹرسائیکل اٹھا کر لے گئے اور میری بیٹیوں 16سالہ احیرا شہزادی’ 18سالہ محراب اور 14سالہ اریبا پر شدید تشدد کرتے ہوئے انہیں اغواء کر کے ساتھ لے گئے۔ متاثرہ خاتون نجمہ بی بی نے آر پی او ڈاکٹر عابد خان’ سی پی او کامران عادل سے مطالبہ کیا ہے کہ تھانہ پیپلزکالونی پولیس نے ہمارے ساتھ بہت ظلم اور زیادتی کی ہے، ہمیں انصاف دلایا جائے اور میری بچیوں کو بازیاب کروایا جائے۔




