پی ٹی ایف اور ویسٹ منسٹر سکول کے درمیان معاہدہ

اسلام آباد (سپورٹس نیوز) پاکستان ٹینس فیڈریشن (پی ٹی ایف) اور ویسٹ منسٹر سکول کے درمیان اسلام آباد میں مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کیے گئے۔ معاہدے پر پی ٹی ایف کے صدر اعصام الحق قریشی اور ویسٹ منسٹر سکول کے ڈائریکٹر راحیل سجاد خان نے ایک تقریب کے دوران دستخط کیے۔معاہدے کے تحت پی ٹی ایف اپنے آر ٹی ایس پروگرام کے ذریعے ویسٹ منسٹر سکول کے طلبہ کو پیشہ ورانہ ٹینس کوچنگ فراہم کرے گی جبکہ باصلاحیت نوجوان کھلاڑیوں کو قومی ٹینس سرکٹ میں متعارف کرا کے ان کی صلاحیتوں کو مزید نکھارا جائے گا۔اس موقع پر اعصام الحق قریشی کا کہنا تھا کہ اس اقدام کا مقصد نچلی سطح پر ٹینس کے کھیل کو فروغ دینا اور نوجوان طلبہ کو قومی و بین الاقوامی سطح پر آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں