پی پی115کے ضمنی الیکشن کی صورتحال تبدیل

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) پی پی115 کے ضمنی الیکشن کی صورتحال تبدیل’ سابق سیکرٹری بار رانا مرتضیٰ حکیم ایڈووکیٹ کے کاغذات نامزد گی الیکشن ٹربیونل سے بھی مسترد۔ تفصیل کے مطابق حلقہ پی پی115 کے 23نومبر کو ہونیوالے ضمنی الیکشن کی صورتحال تبدیل ہو گئی، آزاد امیدوار سابق سیکرٹری بار رانا مرتضیٰ حکیم ایڈووکیٹ کے کاغذات نامزدگی الیکشن ٹربیونل سے بھی مسترد ہو گئے ہیں، الیکشن ٹربیونل نے ریٹرننگ آفیسر کی جانب سے رانا مرتضیٰ حکیم ایڈووکیٹ کے کاغذا ت نامزدگی مسترد کرنے کے فیصلہ کو برقرار رکھا ہے، دوسری طرف پاکستان مسلم لیگ (ن) سے تعلق رکھنے والے ملک محمد اصغر آزاد امیدوار کی حیثیت سے الیکشن لڑنے کے لیے میدان میں آ گئے ہیں جن کی جماعت اسلامی بھرپور حمایت کر رہی ہے۔ ملک محمد اصغر نے 2002ء میں پی پی69 (موجودہ حلقہ پی پی115) سے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ٹکٹ پر ایم پی اے کا الیکشن لڑا تھا مگر یہ الیکشن ہار گئے تھے۔ ضمنی الیکشن میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی قیادت نے ان کو ٹکٹ دینے کی بجائے میاں طاہر جمیل کو ٹکٹ دے دیا جس پر ملک محمد اصغر نے آزاد امیدوار کے طور پر الیکشن کا اعلان کر دیا اور اپنی انتخابی مہم کا آغاز کر دیا۔ ملک محمد اصغر کا کہنا ہے کہ میں ہر حال میں الیکشن لڑونگا، حلقہ کے عوام میرے ساتھ ہیں تاہم پی پی115 میں میاں طاہر جمیل کی پوزیشن مضبوط ہے وہ بھرپور طریقے سے اپنی انتخابی مہم چلا رہے ہیں۔ انتخابی مہم کے دوران چوہدری عابد شیر علی کی بھی ان کو مکمل حمایت حاصل اور وہ ان کا بھرپور ساتھ دے رہے ہیں۔ میاں طاہر جمیل کو بابائے سیاست چوہدری شیر علی کی بھی آشیرباد حاصل ہے۔ فی الحال پی پی115 میں ضمنی الیکشن کی فضاء میاں طاہر جمیل کے حق میں ہے مگر حتمی فیصلہ 23نومبر کو ہی ہو گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں