فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) کمشنر فیصل آباد مسرت جبیں نے چائلڈ پروٹیکشن انسٹیٹیوٹ کو سولر پر منتقل کرنے کے لئے فی الفور اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔چائلڈ پروٹیکشن انسٹیٹیوٹ کے دورہ کے دوران انہوں نے فیسکو سے لوڈ مینجمنٹ کرانے کا فیصلہ کیا۔کمشنر نے کہا کہ انسٹیٹیوٹ کی عمارت کی تزئین وبحالی اور واش رومز کو بہتر بنانے کے لئے بھی اقدامات کئے جائیں گے۔کمشنر نے چائلڈ پروٹیکشن انسٹیٹیوٹ میں مقیم بے سہارا بچوں سے ملاقات بھی کی اورکلاس رومز میں جاکر تدریسی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔ڈسٹرکٹ آفیسر روبینہ اقبال نے بریفنگ دی۔کمشنر نے کچن میں کھانے کی تیاری کے مراحل اور صفائی ستھرائی چیک کرکے اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ ڈویژنل انتظامیہ لاوارث اور بے سہارا بچوں کا سہارا بننے کے لئے متحرک اور سرگرم عمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقیم بچوں کو تعلیم وتربیت سمیت تفریح کی سہولتوں کی فراہمی پر بھرپور توجہ ہے۔انہوں نے چائلڈ پروٹیکشن انسٹیٹیوٹ کی مجموعی کارکردگی اور کاوشوں کو سراہا۔




