فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے شعبہ صحت کے انقلابی اقدامات کے تحت کمشنر فیصل آباد ڈاکٹر عمران حامد شیخ نے چلڈرن ہسپتال کی وسعت کا عندیہ دے دیا۔انہوں نے ہسپتال کا دورہ کیا اور ہسپتال کو314 سے 450بیڈز تک توسیع دینے کیلئے تیز رفتار اقدامات کی یقین دہانی کرائی۔انہوں نے ہسپتال کو سٹیٹ آف دی آرٹ طبی سہولیات سے آراستہ کرنے کے عزم کا اعادہ کیا اور کہا کہ ہسپتال کو درکار ڈاکٹرز کی فراہمی کے لئے بھی اعلی حکام سے بات کی جائے گی۔انہوں نے مریض بچوں کے علاج معالجہ اور ادویات کی فراہمی کے اقدامات کو سراہا اورکہا کہ چلڈرن ہسپتال کے مینجمنٹ سسٹم کو ڈویژن کے دیگر ہسپتالوں میں رائج کیا جائے گا۔کمشنر نے ہسپتال کے مختلف وارڈ کا دورہ کیا اور زیرعلاج بچوں کی عیادت،والدین سے انتظامات بارے دریافت کیا۔والدین نے ہسپتال میں علاج معالجہ پر اطمینان کا اظہار کیا۔کمشنر نے ڈائیلاسز یونٹ کا دورہ کرکے انتظامات چیک،ادویات سٹور میں میڈیسن کی دستیابی، صفائی کے انتظامات دیکھے۔انہوں نے کہا کہ ڈویژن کے ہسپتالوں کو علاج معالجہ کی فراہمی کے حوالے سے شکایت فری بنانا ترجیح ہے۔




