کمشنر کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ انڈسٹریل ری لوکیشن کمیٹی کا اہم اجلاس

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) کمشنر فیصل آباد ڈاکٹرعمران حامد شیخ کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ انڈسٹریل ری لوکیشن کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا۔ڈی جی ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری،ڈپٹی ڈائریکٹر انوائرمنٹل پروٹیکشن ایجنسی عثمان اظہر،ڈائریکٹر لیبر ویلفیئر رائے یاسین،اسسٹنٹ کمشنر جنرل عطیہ عنایت اور ڈی او انڈسٹریز محمد عرفان موجود تھے۔کمشنر نے انڈسٹری ری لوکیشن کے حوالے سے اب تک کی پیشرفت پر بریفنگ لی اورشہری علاقوں میں فضائی آلودگی اور کیمیکل زدہ ویسٹ واٹر خارج کرنے والی صنعتوں کی ازسرنو جانچ کا فیصلہ کرتے ہوئے انوائرمنٹل پروٹیکشن ایجنسی،لیبر اور انڈسٹریز کو رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ انسانی صحت کے لئے خطرناک قرار دی جانے والی صنعتوں کی مرحلہ وار ری لوکیشن کے لئے پراپر میپنگ کی جائے اس ضمن میں متعلقہ محکمے آلودگی پھیلانے والی صنعتوں کا مکمل ڈیٹا اور نقشہ تیار کریں۔انہوں نے کہا کہ شہریوں کی صحت اور ماحول کا تحفظ اولین ترجیح ہے، خطرناک قرار دی جانے والی صنعتوں کے خلاف موثر اقدامات کئے جائیں۔انہوں نے انڈسٹری ری لوکیشن پروگرام پر پیش رفت کا جائزہ لینے کے لئے15 روز بعد دوبارہ اجلاس طلب کر لیا۔دریں اثنا کمشنر فیصل آباد کی زیرصدارت مثالی گائوں منصوبہ کی پیشرفت کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات پر فیصل آباد ڈویژن میں 35 مثالی گائوں پراجیکٹس پر عملدرآمد میں تیزی لانے کا فیصلہ کیا گیا۔کمشنر نے واضح کیا کہ منصوبوں میں سست روی برداشت نہیں کی جائے گی اورشفافیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔کمشنر نے ایم اوز آئی اینڈ ایس کو مثالی گائوں کے وزٹس کا ٹاسک تفویض کیا اور تاکید کی کہ وہ اپنے اپنے اضلاع میں گائوں کے دورے کرکے جاری اقدامات کو چیک اور تفصیل پیش کریں۔اجلاس کو بتایا گیا کہ ضلع فیصل آباد میں 23 مثالی گائوں،ٹوبہ ٹیک سنگھ میں 4، جھنگ میں 2 اور ضلع چنیوٹ میں 6گائوں کو مثالی بنایا جارہا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں