چنیوٹ(نامہ نگار)وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کے احکامات پر ضلع بھر میں ماہ صیام کے دوران صارفین کو ریلیف کی فراہمی کے لئے سہولت بازار سمیت 3ریڑھی بازاروں کو رمضان بازار ڈکلیئر کردیا گیا ہے۔تحصیل چنیوٹ میں سہولت بازار،بھوآنہ میں ایک ریڑھی بازار اور لالیاں میں دو ریڑھی بازاروں پر صارفین کو پھل وسبزیاں اور دیگر اشیا ضروریہ عام مارکیٹ سے رعایتی نرخوں پر دستیاب ہونگی۔ڈپٹی کمشنر عائشہ رضوان نے میڈیا نمائندگان کو رمضان المبارک کے حوالے سے کئے گئے انتظامات پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ یہ بازار ہفتہ 14 فروری سے مکمل فعال ہونگے۔انہوں نے بتایا کہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس سے میٹنگ کرکے انہیں ذمہ داریاں تفویض اور باقاعدہ ڈیوٹی روسٹر جاری کیا گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ روزانہ شام کو پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی میٹنگ منعقد کرکے کارکردگی کی جانچ کی جائے گی۔




