فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) کمشنر فیصل آباد مسرت جبیں کا اضلاع کے دوروں کا سلسلہ جاری ہے۔انہوں نے ضلع چنیوٹ کا پہلا دورہ کیا اور ڈپٹی کمشنر آفس میں ضلعی محکموں کی کارکردگی کے جائزہ اجلاس کی صدارت کی۔ڈپٹی کمشنرچنیوٹ عائشہ رضوان نے مفصل بریفنگ دی۔کمشنر نے کہا کہ ضلع بھر میں صفائی کا اعلی ترین معیار قائم رکھا جائے۔اربن کے ساتھ رورل ایریاز پر خصوصی توجہ مرکوز رکھیں۔سٹاف کی حاضری کی کڑی مانیٹرنگ کی جائے،کنٹرینرز زمینی حقائق کے مطابق موجود ہونے چاہیں۔بصورت دیگر جرمانے عائد کریں۔کمشنر نے کہا کہ شہریوں کو صاف ستھرا ماحول واضح نظر آنا چاہیے۔انہوں نے ہدایت کی کہ پلس پراجیکٹ کے تحت تقسیم کے کیسز اور مختلف مدات میں ریکوریز پر بھرپور توجہ مرکوز کی جائے۔انہوں نے کہا کہ اسسٹنٹ کمشنرز اورضلعی افسران ضلع وتحصیل سطح پر عوامی مسائل سننے اور انہیں حل کرنے کے لئے موثر اقدامات کریں۔سائلین کو دفاتر کے چکر لگوانے سے باز رہا جائے۔انہوں نے ضلع میں بیوٹیفکیشن کے2 منصوبوں کو مقررہ ٹائم فریم میں مکمل کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ ضلع میں عوامی بہبود کے جاری ترقیاتی منصوبوں کی شفافیت پر زیروٹالرنس ہے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ ضلع میں اے ڈی پی کی18،نیو اے ڈی پی کی21، اورارکان اسمبلی کی تجویز کردہ37 نئی سکیموں پر کام جاری ہے۔کمشنر نے تاکید کی کہ افسران موقع پر موجود رہ کر ترقیاتی کاموں کی نگرانی جاری رکھیں۔انہوں نے ضلع بھر میں فلٹریشن پلانٹس کے فعال ہونے کا سروے کرانے کا حکم دیا اور کہا کہ سرکاری اراضی کی دیکھ بھال اور قبضہ مافیا کا قلع قمع کیا جائے۔تمام ضلعی محکمے اپنی ذمہ داریوں کا ادراک کریں اور حکومتی ہدایات کے مطابق اہداف کی تکمیل یقینی بنائی جائے۔ڈپٹی کمشنر نے ترقیاتی منصوبوں،ریونیو اہداف،بیوٹیفکیشن سمیت جملہ اقدامات سے آگاہ کیا۔کمشنر نے سرگودھا روڈ پر قبرستان کی بیرونی دیوار پر بنائی گئی اچھوتی آبشار کا افتتاح بھی کیا اورملحقہ گرین ایریا میں پودا لگایا۔




