فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) تھانہ کُر کے علاقہ 598گ ب میں مبینہ پولیس مقابلہ کے دوران ساتھیوں کی گولیوں کا نشانہ بننے والا ریکارڈ یافتہ ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار جبکہ اس کے 5ساتھی رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہو گئے، پولیس نے زخمی ڈاکو کو طبی امداد کی غرض سے ہسپتال منتقل کر کے ساتھیوں کی گرفتار ی کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ پولیس ذرائع کے مطابق تھانہ کُر پولیس نے 598 گ ب کے قریب ناکہ بندی کے دوران تین موٹرسائیکلو ں پر سوار چھ مشکوک افراد کو رُکنے کا اشارہ کیا تو انہوں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی اور قریبی امرود کے باغ میں چھپ گئے اور پولیس کے تعاقب کرنے پر فائرنگ کا سلسلہ جاری رکھا۔ مقابلہ کی اطلاع ملتے ہی ڈی ایس پی تھانہ صدر تاندلیانوالہ اعجاز احمد’ ایس ایچ او تھانہ کُر پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے۔ تاہم فائرنگ کا تبادلہ رُکنے پر پولیس نے سرچ آپریشن کیا تو ایک ڈاکو زخمی حالت میں پڑا تھا جس کی شناخت امتیاز عرف امتیازی کے نام سے ہوئی جو کہ سابقہ ریکارڈ یافتہ اور ڈکیتی کے چار مقدمات میں اشتہاری ہے۔ تاہم زخمی ڈاکو کے قبضہ سے چھینی جانے والی موٹرسائیکل برآمد کر کے طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا اور انکے فرار ہونے والے ساتھیوں کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔دریں ثنائ۔چنیوٹ(نامہ نگار)تھانہ سٹی کے علاقہ میں اغواء کاروں اور تھانہ سٹی پولیس کا مبینہ پولیس مقابلہ، دو اغواء کار زخمی حالت میں گرفتار، تھانہ سٹی پولیس ایس ایچ اوتھانہ سٹی کلیم اللہ ہرل نے ٹیم کے ہمراہ کاروائی دو مغوی بازیاب کرا لئے ذرائع کے مطابق تھانہ سٹی چنیوٹ کے علاقہ میں نامعلوم ملزمان نے دو افراد رضوان اور ظفر کو اغواہ کر لیا ملزمان کاروں پر آئے،ایک کروڑ روپے تاوان کا مطالبہ کیا،تاوان میں سونا بھی لے گئے اور فرار ہو گئے تھانہ سٹی پولیس ایس ایچ اوکلیم اللہ ہرل نے ٹیم کے ہمراہ کاروائی کرتے ہوئے فیصل آباد روڈ بائی پاس پر ناکہ بندی کی،دو مشکوک گاڑیوں کو روکنے کی کوشش کی ملزمان نے گاڑیاں روکنے کی بجائے فیصل آباد کی طرف گاڑیاں بھگا لیں جن کا پیچھا کیا گیا ملزمان نے تھوڑا آگے جا کر گاڑیاں روک کر پولیس پارٹی پر فائرنگ شروع کردی اور فصلوں میں داخل ہو گئے پولیس نے بھی حق حفاظت خود اختیاری کے تحت جوابی فائرنگ کی،فائرنگ رکنے پر سرچ آپریشن کیا گیا سرچ آپریشن کے دوران دو ملزمان ساتھیوں کی فائرنگ سے زخمی حالت میں ملے جن کو حراست میں لے لیا گیا ملزمان کے قبضہ سے ناجائز اسلحہ برآمد کر لیا گیا،گاڑیاں قبضہ پولیس میں لے لی گئیں دونوں مغویوں کو بازیاب کروا لیا گیا ہے، حسب ضابطہ کاروائی جاری ہے۔




