فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) چوک گھنٹہ گھر میں سٹالز ختم ہونے سے اخبار فروشوں کو شدید پریشانی کا سامنا’ وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف اور ڈویژنل کمشنر محترمہ مسرت جبیں سے سٹالز لگانے کی اجازت کا مطالبہ۔ تفصیلات کے مطابق اخبار فروش تقریباً 1978ء سے چوک گھنٹہ گھر میں امین پور بازار’ چنیوٹ بازار’ کچہری بازار اور ریل بازار کے کارنرز پر سٹالز لگاتے آ رہے ہیں، شہر کی بیوٹیفکیشن اور تجاوزات کے خلاف آپریشن کے دوران اخبار فروشوں کے بھی سٹالز ختم کر دیئے گئے جس کے باعث اخبار فروش دربدر ہو گئے اور اب موٹرسائیکل اور سائیکلوں پر سٹالز لگانے پر مجبور ہیں۔ آئے روز پیرافورس اور انسداد تجاوزات عملہ بھی انہیں تنگ کرتا رہتا ہے۔ ضلعی انتظامیہ کو چاہیے کہ جس طرح کچہری بازار کی بیوٹیفکیشن کی گئی ہے اسی طرح چوک گھنٹہ گھر میں اخبار فروشوں کو خوبصورت سٹالز بنا کر دیئے جائیں۔ اخبار فروشوں نے وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف اور ڈویژنل کمشنر محترمہ مسرت جبیں سے مطالبہ کیا ہے کہ انہیں چوک گھنٹہ گھر میں سٹالز لگانے کی باضابطہ اجازت دی جائے تاکہ وہ باعزت طریقے سے روزگار کما سکیں۔




