جڑانوالہ(نامہ نگار) سیاسی سماجی شخصیت سابق چیئرمین یونین کونسل چوہدری اشرف ساہی مرحوم کے قاتل اڑھائی ماہ بعد بھی تاحال پولیس گرفت سے آزاد،مرحوم چوہدری اشرف ساہی کے قاتلوں کی عدم گرفتاری پر مقامی سیاست دانوں کی خاموشی سوالیہ نشان بن گئی،عوامی سماجی حلقوں کا ارباب اختیار سے فی الفور نوٹس لینے کا مطالبہ،تفصیلات کے مطابق اڑھائی ماہ قبل تھانہ سٹی کی حدود میں دن دیہاڑے قتل اقدام قتل کے مقدمات میں ملوث اشتہاری ملزمان نے اندھا دھند فائرنگ کرکے سیاسی سماجی شخصیت سابق چیئرمین یونین کونسل چوہدری اشرف ساہی کو قتل کر دیا تھا جس کا مقدمہ نمبر 950/25 مقتول کے بیٹے چوہدری شہزاد ساہی کی مدعیت میں درج رجسٹرڈ ہوا تھا چوہدری اشرف ساہی کی ٹارگٹ کلنگ اور ناحق قتل پر عوامی سماجی حلقوں نے گہرے دکھ و غم کا اظہار کیا تھا یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ اڑھائی ماہ بعد بھی مقدمہ میں نامزد ملزمان تاحال پولیس گرفت سے آزاد ہیں اور علاقے میں گھوم پھر رہے ہیں چوہدری اشرف ساہی مرحوم کے قتل میں ملوث ملزمان قبل ازیں بھی قتل اقدام قتل کے مقدمات میں پولیس کو مطلوب ہیں اور علاقے میں خوف و دہشت کی علامت بنے ہوئے ہیں ریکارڈ یافتہ مطلوب و ملوث اشتہاری ملزمان کی گرفتاری کیلئے پولیس مبینہ طور پر روایتی غفلت کا مظاہرہ کر رہی ہے یہاں یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ مرحوم چوہدری اشرف ساہی کی ٹارگٹ کلینگ اور بہیمانہ قتل میں ملوث ملزمان کی عدم گرفتاری پر مقامی سیاسی سماجی شخصیات کی جانب سے خاموشی لمحہ فکریہ ہے جس پر عوامی حلقوں میں تشویش کی لہر پائی جاتی ہے عوامی سماجی حلقوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان، آر پی او،سی پی او فیصل آباد سے مطالبہ کیا ہے کہ مقدمہ میں نامزد و ملوث ملزمان کو فی الفور گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دلوائی جائے۔




