چک نمبر222ر ب عزیز ٹاؤن بھینس کالونی میں تبدیل ہوگیا

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) چک نمبر 222 رب عزیز ٹائون بھینس کالونی میں تبدیل ہو گیا، جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر’ پارک اور خالی پلاٹس میں پانی کھڑا ہونے سے مچھروں اور مکھیوں کی بہتات’ اہل علاقہ مختلف بیماریوں کا شکار ہونے لگے، مویشیوں کے گوبر سے سیوریج سسٹم بھی خراب۔ اہل علاقہ کا ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر’ چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن اور ارباب اختیار سے مطالبہ کیا ہے کہ عزیز ٹائون میں بھینسوں کو باہر نکال کر صفائی ستھرائی کے انتظامات کئے جائیں۔ تفصیل کے مطابق چک نمبر 222 رب سٹی کونسل101 عزیز ٹائون کے رہائشیوں محمد اشرف’ میاں ذوالفقار’ عاکف’ ابوبکر’ حافظ محمد رمضان ودیگر نے ڈپٹی کمشنر فیصل آباد کو درخواست گزارتے ہوئے بتایا کہ عزیز ٹائون کافی عرصہ سے بنیادی سہولیات سے محروم ہے اور بعض افراد نے بھینسیں پال رکھی ہیں جسکی وجہ سے علاقہ کی سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں۔ سیوریج لائنیں تباہ ہو چکی ہیں، منظور شدہ پارک اور خالی پلاٹس میں گندگی اور بھینسوں کے گوبر کی وجہ سے گندے جوہڑ بن چکے ہیں۔ مچھروں اور مکھیوں کی بہتات کی وجہ سے اہل علاقہ مختلف بیماریوں کا شکار ہو رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ عزیز ٹائون رہائشی سکیم ہے اور ایف ڈی اے سے نقشہ منظور شدہ ہے لیکن بعض افراد نے مویشی رکھ کر اس کو بھینس کالونی میں تبدیل کر دیا ہے۔ اہل علاقہ نے ارباب اختیار سے مطالبہ کیا ہے کہ عزیز ٹائون سے بھینسوں کو باہر نکالا جائے، سیوریج لائن بحال کر کے خالی پلاٹس اور پارکوں سے پانی نکالا جائے تاکہ اہل علاقہ سکون کی زندگی بسر کر سکیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں