چھت سے نعش برآمد

ٹوبہ ٹیک سنگھ (نامہ نگار) ٹوبہ ٹیک سنگھ کے علاقے زبیدہ مسجد روڈ پر واقع ایک فرنیچر کی دکان کی چھت سے مشتاق نامی شخص کی لاش برآمد ہونے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ ذرائع کے مطابق واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس فوری طور پر موقع پر پہنچ گئی اور جائے وقوعہ کو اپنی تحویل میں لے کر شواہد اکٹھے کرنے کا عمل شروع کر دیا۔پولیس نے لاش کو تحویل میں لے کر ضروری قانونی کارروائی کے بعد پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا، جبکہ واقعہ کی مختلف پہلوں سے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ ابتدائی طور پر موت کی وجوہات کے بارے میں کوئی حتمی موقف سامنے نہیں آیا، تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ پوسٹ مارٹم رپورٹ اور دیگر شواہد کی روشنی میں اصل حقائق سامنے آئیں گے۔ذرائع کے مطابق متوفی کی شناخت مشتاق کے نام سے ہوئی ہے، جبکہ اہل خانہ کو بھی واقعہ سے آگاہ کر دیا گیا ہے۔ پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر لیے ہیں اور قریبی افراد سے بھی معلومات حاصل کی جا رہی ہیں تاکہ واقعے کی نوعیت کا تعین کیا جا سکے۔علاقہ مکینوں نے واقعہ پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ تحقیقات مکمل شفاف انداز میں کی جائیں اور اگر کسی قسم کے جرم کے شواہد سامنے آئیں تو ذمہ دار عناصر کو قانون کے مطابق سخت سزا دی جائے۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ تحقیقات جاری ہیں اور تمام پہلوئوں کا باریک بینی سے جائزہ لیا جا رہا ہے، جبکہ حتمی رپورٹ سامنے آنے کے بعد مزید تفصیلات جاری کی جائیں گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں