چہلم حضرت امام حسین پر کسی کو امن و امان خراب کرنیکی اجازت نہیں دی جائیگی،ڈپٹی کمشنر ندیم ناصر

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر)چہلم حضرت امام حسین پر فول پروف اور جامع انتظامات کئے جائیں گے اور کسی صورت امن و امان کی فضا خراب نہیں ہونے دی جائیگی۔یہ بات ڈپٹی کمشنر کیپٹن(ر) ندیم ناصر اور سٹی پولیس آفیسر بلال عمر نے چہلم حضرت امام حسین کے حوالے سے منعقدہ امن کمیٹی کے اجلاس کی مشترکہ طور پر صدارت کرتے ہوئے کہی۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) فضل عباس، اسسٹنٹ کمشنر صدر ڈاکٹر ذوالقرنین اور اہل تشیع کے جید علماء کرام سمیت متعلقہ محکموں کے افسران شریک ہوئے۔ڈپٹی کمشنر کیپٹن(ر) ندیم ناصر نے کہا کہ جلوسوں کے اوقات نماز جمعہ کے بعد رکھے جائیں اور تمام اسسٹنٹ کمشنرز اپنی اپنی تحصیلوں میں اس فیصلے پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔انہوں نے مزید کہا کہ عزاداری اور عبادات قانونی دائرہ کار میں رہ کر ادا کی جائیں اور عوام انتظامیہ کے ساتھ بھرپور تعاون کریں تاکہ یہ ایام پُرامن طریقے سے گزر سکیں۔اس موقع پر سٹی پولیس آفیسر بلال عمر نے کہا کہ عزاداروں کی حفاظت اولین ترجیح ہے اور چہلم امام حسین پر پولیس کی جانب سے مکمل سکیورٹی فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ایس او پیز کے مطابق جلوس کے اوقات کار کی سختی سے پابندی کرائی جائے گی۔اہل تشیع علماء کرام نے اجلاس میں شرکت اور انتظامیہ کے تعاون پر شکریہ ادا کیا اور امن کے قیام کے لئے انتظامیہ سے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کروائی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں