فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) پریم یونین کی مرکزی مجلس عاملہ کے اجلاس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ این آئی آر سی فیصلے کے مطابق چیئرمین ریلو ے اور وفاقی حکومت ریلوے میں فوری ریفرنڈم کروائے وزیر ریلوے،چیئرمین ریلوے اور سی ای او ریلوے ریلوے اسٹیشنوں کو میک اپ کرنے کی بجائے انفراسٹرکچر پہ توجہ دیں۔پریم یونین کے مرکزی چیئرمین ضیا الدین انصاری کی صدارت میں ہونے والے اجلاس میں مرکزی صدر شیخ محمد انور، سیکرٹری جنرل خیر محمد تونیو، سنیئر نائب صدر عبدالقیوم اعوان، مرکزی چیف آرگنائزر خالد محمود چوہدری،اسسٹنٹ چیف آرگنائزر جنید خرم، خرم منظور،ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات عاطف رزاق، ڈویژنل صدور ڈاکٹر اشتیاق عرفان،رانا محمد شریف، محمد ارشد یوسفزئی،فیاض احمدشہزاد، معین الدین، محمد ناصر خان،اکرام یوسف،اخترعباسی،محمدانور خاں، سمیت عاملہ کے ارکان نے شرکت کی۔ مرکزی چیئرمین ضیا الدین انصاری، صدر شیخ محمد انور نے مجلس عاملہ کے فیصلوں کااعلان کرتے ہوئے کہا کہ ریلوے کو اس وقت اسٹیشنوں کے بنا سنگھار اور میک اپ سے زیادہ نظام کی بہتری اور مرمت کی ضرورت ہے گزشتہ پندرہ دنوں میں 7 بڑی ٹرینیں ریلوے ٹریک، بوگیوں اور انجنوں کی مرمت نہ ہونے کی وجہ سے حادثات کا شکار ہو چکیں ہیں جس کی بنیادی وجہ ریلوے ٹریک، کوچز اور انجنوں کی میٹیننس نہ ہونا ہے، وزیر ریلوے حنیف عباسی،چیئرمین ریلوے مظہر علی شاہ اور سی ای او ریلوے عامر علی بلوچ ہنگامی بنیادوں پر ریلوے اسٹیشنوں کو میک اپ کرنے کی بجائے ریلوے کی مسافراور گڈز کوچز ۔ریلوے ٹریک اور انجنوں کی مرمت کیلئے فوری طور پر وسائل مہیا کروائیں تاکہ ریل کو آئے روز کے حادثات سے بچایا جاسکے اور ریل جیسے محفوظ اور سستے سفر پہ ریلوے مسافروں کا اعتماد بحال ہوسکے اور ریلوے مسافروں کو بہتر اور حادثات سے محفوظ سفری سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ریلوے ملازمین کی تنخواہوں میں تاخیر کا سلسلہ نہ صرف بند کیا جائے بلکہ تنخواہوں کی بروقت ادائیگی کو یقینی بنایا جائے اور خاص طور پہ عیدالاضحی سے قبل ریلوے ملازمین کو تنخواہیں ادا کی جائیں تاکہ ریلوے ملازمین بھی سنت ابراہیمی ادا کرسکیں۔




