فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے تحت واسا فیصل آباد شہریوں کو سیوریج،ڈرینج اور پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لئے سرگرم عمل ہے اس ضمن میں شہر میں 10۔ارب روپے کی لاگت سے چیف منسٹر پیکج کے تحت 14 میگا پراجیکٹس پر کام جاری ہے۔علاوہ ازیں پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت 12۔ارب روپے کے فنڈز سے ایسٹرن اینڈ ویسٹرن سائیڈپر 18 سکیموں پر عملدرآمد کرایا جارہا ہے جبکہ79۔ ارب روپے سے فارن فنڈڈ 4 سکیمیں بھی زیر تکمیل ہیں۔کمشنر فیصل آباد مسرت جبیں کی زیرصدارت اعلی سطحی اجلاس منعقد ہوا۔ایم ڈی ثاقب رضا نے واسا کی ورکنگ،کارکردگی اور منصوبوں پر عملدرآمد بارے بریفنگ دی۔ایم ڈی واسا نے بتایا کہ ڈویلپمنٹ پیکجز کے ذریعے سیوریج کے دیرینہ مسائل کا حل یقینی بنایا جارہا ہے۔واسا 2110 کلومیٹر سیور لائینز کی بحالی کے ساتھ 49 کلومیٹر ڈرینز کی ڈی سلٹنگ کیلئے ہمہ وقت سرگرم عمل ہے۔انہوں نے بتایا کہ پیکجز میں روڈ سائیڈ ڈرینز اور روڈز کی بحالی،مین ہولز کور،نئی آبادیوں میں سیوریج نیٹ ورک کاقیام شامل ہے۔کمشنر نے کہا کہ شہریوں کو سروسز کی فراہمی کے لئے واسا ٹریک پر ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ جاری پراجیکٹس کو تیز رفتاری سے مکمل کراکر دیرینہ مسائل کا ازالہ کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ تعمیراتی عمل میں شفافیت پر زیروٹالرنس ہے۔کمشنر نے واسا کے زیر تعمیر پراجیکٹس کا وزٹ کرنے کا بھی عندیہ دیا اور کہا کہ شہریوں کو توقعات سے بڑھ کر سروسز کی فراہمی ترجیح ہونی چاہیے۔ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن تنویر مرتضی،ڈی ایم ڈیز واسا بھی اجلاس میں موجود تھے۔




