فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق ڈویژنل انتظامیہ ساندل بار میراتھن (برائے میل Male) کے شاندار ماحول میں انعقاد کے لئے سرگرم ہے۔ کمشنر راجہ جہانگیر انور کی زیرصدارت اجلاس منعقد ہوا۔ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر بھی موجودتھے۔اجلاس میں سپورٹس،سول ڈیفنس،ٹریفک پولیس ودیگر محکموں کے افسران موجود تھے۔کمشنر نے کہا کہ 26۔اکتوبر کو میراتھن کے آغاز واختتامی پوائنٹس کو مشاورت سے حتمی شکل دیں۔میراتھن کا مقصد فیصل آباد کے شہریوں کو صحت مندانہ ماحول فراہم کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ میراتھن میں تمام مکاتب فکر کے شہریوں کی شرکت ناگزیرہے۔انہوں نے کہا کہ میراتھن پر شہر میں دلکش سماں نظر آنا چاہیے۔یونیورسٹیز،کالجز،سکول،چناب کلب،ایف ڈی اے سپورٹس کمپلیکس سمیت تمام سٹیک ہولڈرز کو آن بورڈ لیں۔کمشنر نے تعلیمی اداروں میں انٹر سکولز گیمز کی بحالی کا بھی فیصلہ کیا اورکہا کہ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن اور سپورٹس ڈیپارٹمنٹس تعلیمی اداروں میں کھیلوں کے مقابلے کرائے۔انہوں نے چاروں اضلاع سے ایک ہفتہ میں پلان بھی طلب کرلیا۔کمشنر نے ڈپٹی کمشنرز سے کہا کہ میونسپل کارپوریشن،میونسپل کمیٹیز اور ضلع کونسلز کو بھی دستیاب بجٹ کو اسی مقصد کے لئے بروئے کارلانے کی تاکید کریں۔جھنگ،ٹوبہ ٹیک سنگھ اور چنیوٹ کے ڈپٹی کمشنرز ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک تھے۔دریں اثنائ۔ فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور کے انقلابی فیصلے کے مطابق ڈویژنل ماڈل کالج ایف ڈی اے سٹی کیمپس میں عنقریب کلاسز کا اجرا کیا جا رہا ہے جس کے لیے طلبا و طالبات کی رجسٹریشن شروع کر دی گئی ہے۔ یہ خوشخبری ڈائریکٹر جنرل ایف اے محمد آصف چوہدری نے اپنے دفتر میں شہریوں سے ملاقات کے دوران سنائی۔ انہوں نے بتایا کہ ڈی ایم سی ایف ڈی اے سٹی کیمپس کے لئے سٹیٹ آف دی آرٹ عمارت زیر تعمیر ہے لیکن کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور نے ایف ڈی اے سٹی اور ارد گرد کی آبادیوں کے مکینوں کی سہولت کے لئے ڈی ایم سی ایف ڈی اے سٹی کیمپس میں جلد کلاسز شروع کرنے کا اعلان کیا ہے جو کہ کمشنر فیصل آباد کا عظیم تحفہ اور گرانقدر تعلیمی منصوبہ ہے جس کی بدولت ایف ڈی اے سٹی کے مکینوں سمیت اردگرد کی آبادیوں کے لوگوں کو اپنے بچوں کے لئے باکفایت اور معیاری تعلیمی سہولتیں میسر آئیں گی۔ انہوں نے بتایا کہ ڈی ایم سی ایف ڈی اے سٹی کیمپس میں تعلیم کے لئے پری نرسری، نرسری، پریپ اور پہلی کلاس سے پانچویں کلاس تک کے لئے بچوں کی رجسٹریشن کی جا رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کمشنر فیصل آباد کے فیصلے مطابق ڈی ایم سی کے کسی بھی کیمپس میں زیر تعلیم بچے ایف ڈی اے سٹی کیمپس میں ٹرانسفر کے لیے درخواست بھی دے سکتے ہیں۔ ڈاکٹر جنرل ایف ڈی اے نے بتایا کہ بچوں کی رجسٹریشن کے مطابق فی الحال کلاسز کرایہ کی عمارت میں شروع کی جائیں گی جبکہ ڈی ایم سی ایف ڈی اے سٹی کیپس کے لیے سٹیٹ آف دی آرٹ ایئرکنڈیشنڈ بلڈنگ بھی جلد مکمل ہو جائے گی جس کے لیے کمشنر نے خصوصی طور پر فنڈز جاری کر دیئے ہیں۔ انہوں نے شہریوں سے کہا کہ وہ اس باوقار تعلیمی سہولت سے بھرپور فائدہ اٹھائیں۔ مزید معلومات کے لئے فون نمبر 03259270000 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔ دریں اثنا ایف ڈی اے سٹی کے مکینوں نے ڈی ایم سی ایف ڈی اے سٹی کیمپس میں کلاسز شروع کرنے اور بلڈنگ کی تکمیل کے لئے خصوصی فنڈز جاری کرنے پر کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور کا شکریہ ادا کیا ہے اور آس سلسلے میں ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری کی بھرپور کاوشوں اور گہری دلچسپی کو بے حد سراہا ہے۔دریں اثنائ۔ فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انورنے الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا کے صحافیوں سے ملاقات کی۔کمشنر نے میڈیا نمائندگان کا خیرمقدم کیا اورڈویژن میں عوامی بہبود کے جاری اقدامات پر مفصل بریفنگ دی۔کمشنر نے بتایا کہ فیصل آباد شہر کی 15 مرکزی شاہرات کی ایک ارب روپے کے فنڈز سے کولڈ ملنگ ٹیکنالوجی کیذریعے معیاری تعمیر ومرمت کرائی جارہی ہے۔انہوں نے بتایا کہ سٹریٹ لائٹس فعال،لین مارکنگ،پیچ ورکنگ پر بھرپور فوکس ہے۔گھنٹہ گھرکے 8 بازاروں میں تجاوزات کا خاتمہ اور الیکٹرک سٹی کو انڈرگرانڈ کرارہے ہیں اسی طرح پارکنگ کے مسائل کے حل کے لئے بیرون چنیوٹ بازار پارکنگ پلازہ کی تعمیر جلد شروع ہوگی۔انہوں نے کہا کہ سماجی میل جول کے فروغ اور صحت مندانہ ماحول کے لئے فوڈ سٹریٹ کے قیام کی تجویز ہے۔کمشنر نے کہا کہ صحافی کالونی کے قیام کے لئے آئندہ ہفتہ ایم ڈی پنجاب جرنلسٹ ہاسنگ فاونڈیشن کو دعوت دیں گے۔فیصل آباد شہر میں ماحول کی بہتری،فضائی آلودگی کی جانچ کے لئے ایئر کوالٹی مانیٹر نصب کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ سیوریج اور صاف پانی کی فراہمی کے لئے اربوں روپے مالیت کے واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹس نے کام شروع کردیا ہے۔صاف ستھرا پروگرام کے تحت گلیوں محلوں کی صفائی کے کام کی سخت مانیٹرنگ جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ صحافی برادری میری فیملی کی طرح ہے اور ان کے مسائل کا حل اولین ترجیح ہے۔صحافی عوامی مسائل اجاگرکریں ان کے حل کے لئے موثر اقدامات کئے جاری رہیں گے۔




