فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق فیصل آباد ڈویژن میں مختلف ترقیاتی پروگرامز اور عوامی بہبود کے اقدامات پر عملدرآمد جاری ہے۔کمشنر فیصل آباد مسرت جبیں کی زیرصدارت اجلاس منعقد ہوا جس میں پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام،پنجاب سیٹیز پروگرام، مثالی گائوں،بیوٹیفیکیشن پراجیکٹس اور واٹر فلٹریشن کے فعال ہونے کے حوالے سے جاری اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ڈپٹی کمشنر فیصل آباد کیپٹن (ر) ندیم ناصر کے علاوہ جھنگ اور ٹوبہ ٹیک سنگھ کے ڈپٹی کمشنرز اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل چنیوٹ ویڈیو لنک کے ذریعے شریک تھے۔کمشنر نے پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرامز کے تحت ترقیاتی سکیموں کا جائزہ لیتے ہوئے تعمیراتی کاموں میں تیزی لانے کی تاکید کی اور کہا کہ شفافیت کو ہر قیمت پر ملحوظ خاطر رکھیں۔انہوں نے پنجاب سیٹیز پروگرام کی سکیموں پر بھی پیشرفت بارے بریفنگ لیتے ہوئے باقی ماندہ کاموں کو بھی مکمل کرانے کا ٹاسک تفویض کیا۔انہوں نے واٹر فلٹریشن پلانٹس کے فعال ہونے کی مانیٹرنگ کرانے کی ہدایت کی اور کہا کہ فلٹر خراب ہونے پر فوری تبدیل کرایا جائے۔اس ضمن میں لوکل گورنمنٹ اور سیکرٹری یونین کونسل کو متحرک کریں۔کمشنر نے مثالی گائوں پروگرام کے تحت اب تک منظور ہونے والے پی سی ون پر فوری کام شروع کرانے کی ہدایت کی اور بتایا کہ مثالی گائوں پروگرام میں واٹر سپلائی،ڈرینج،سٹریٹ لائٹس اور چلڈرن پارکس کی بحالی شامل ہے۔انہوں نے کہا کہ ڈپٹی کمشنرز ترقیاتی پروگرامز پر عملدرآمد کی نگرانی جاری رکھیں۔




