جڑانوالہ(نامہ نگار)ڈپٹی کمشنر فیصل آباد محمد نعمان صدیق نے کھرڑیانوالہ کا تفصیلی دورہ کیا، جس کے دوران انہوں نے عوامی سہولیات شہر کی خوبصورتی اور جاری ترقیاتی سکیموں کا تفصیلی جائزہ لیا۔دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر فیصل آباد نے میونسپل کمیٹی پارک میں پودا لگایا۔بعد ازاں انہوں نے میونسپل کمیٹی دفتر میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کی،جس میں اسسٹنٹ کمشنرجڑانوالہ ضیااللہ گوندل ، چیف آفیسر میونسپل کمیٹی کھرڑیانوالہ اشتیاق گوندل نے کھرڑیانوالہ شہر میں جاری ترقیاتی کاموں،صفائی ستھرائی کے انتظامات اور بلدیاتی امور پر تفصیلی بریفنگ دی۔ ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق نے کھرڑیانوالہ مین چوک اور ملحقہ شاہرائو ں کو تمام قسم کی تجاوزات سے فوری و مکمل پاک کرنے کا سخت حکم دیا۔ انہوں نے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ مین چوک کی خوبصورتی (بیوٹیفکیشن)کیلئے جامع پلان تیار کر کے اس پر فوری عمل درآمد یقینی بنایا جائے تاکہ ٹریفک کی روانی برقرار رہے اور شہر کا منظر نامہ بہتر ہو۔ڈپٹی کمشنر فیصل آباد نے ریڑھی بازار کا بھی دورہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر فیصل آباد نے چلڈرن پارک کا بھی وزٹ کیا۔ انہوں نے پارک میں بچوں کے لیے فراہم کردہ تفریحی سہولیات اور صفائی کے انتظامات کا جائزہ لیا اور انتظامیہ کو پارکوں کی دیکھ بھال مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی۔




