فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر)ندیم ناصر کی زیر صدارت ضلع کی کارکردگی اور کی پروفارمنس انڈیکیٹرز پر عملدرآمد کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں ایڈیشنل کمشنرز، اسسٹنٹ کمشنرز، سی او ہیلتھ، ایجوکیشن، ہارٹیکلچر ایجنسی، واسا، ستھرا پنجاب،ضلع کونسل،سول ڈیفنس ودیگر متعلقہ محکموں کے افسران موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر نے محکموں کی کارکردگی میں بہتری لانے اور صوبائی درجہ بندی میں نمایاں مقام حاصل کرنے کے لئے موثر اقدامات کی ہدایت کی اور کہا کہ فیک ڈیٹا اپ لوڈ کرنے اور غلط رپورٹنگ پر زیرو ٹالرنس پالیسی اختیار کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ تمام تحصیلوں میں روزانہ کی بنیاد پر ڈیٹا اور تصاویر کی تصدیق کو یقینی بنایاجائے۔فیک انٹری یا غیر مصدقہ معلومات کی صورت میں متعلقہ افسران جوابدہ ہونگے۔ڈپٹی کمشنر نے اے آئی یا ایڈیٹ شدہ تصاویر اپ لوڈ کرنے والوں کے خلاف سخت تادیبی کارروائی کا عندیہ دیا۔ڈپٹی کمشنر نے اسسٹنٹ کمشنرز کو روزانہ فیلڈ میں متحرک رہنے اور عوامی مسائل کے فوری حل کی ہدایت کی۔چیف آفیسرز، تحصیلداروں اور فیلڈ عملے کو دفاتر تک محدود رہنے کے بجائے عملی نگرانی بڑھانے کی تاکید کی۔سول ڈیفنس فورس کو فیلڈ مانیٹرنگ اور کارکردگی کے جائزے کے عمل میں مزید موثر انداز میں استعمال کرنے کی ہدایت کی۔




