فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) زرعی یونیورسٹی فیصل آباد اور ڈیجی کھاتہ (ایس ایم سیـ پرائیویٹ) لمیٹڈ نے جدت، صنعت و جامعہ روابط کو فروغ دینے کے لئے ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے۔ معاہدے پر زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی اور ڈیجی کھاتہ کے سی ای او عدنان اسلم نے دستخط کئے۔ اس موقع پر ڈائریکٹر بزنس انکیوبیشن سینٹر پروفیسر ڈاکٹر افتخار احمد، ڈاکٹر زبیر اسلم اور دیگر شرکاء بھی موجود تھے۔ ڈیجی کھاتہ زرعی یونیورسٹی کے طلباء کے لیے انٹرن شپ کے مواقع فراہم کرے گا تاکہ وہ عملی تجربہ حاصل کر سکیں۔ ادارہ یونیورسٹی کو ڈیجیٹل لین دین میں منتقلی میں بھی معاونت فراہم کرے گا۔ اس اشتراک کا مقصد طلباء اور اساتذہ کی جدتوں کی برانڈنگ، تشہیر اور ان کی کمرشلائزیشن کو فروغ دینا ہے۔ معاہدے میں بزنس انکیوبیشن سینٹر کے تحت نمائشوں اور اسی نوعیت کے دیگر تقاریب کے اشتراک کی شق بھی شامل ہے۔ اس کے علاوہ یونیورسٹی کے اساتذہ اور محققین کے مشترکہ تحقیقاتی منصوبوں میں شمولیت کے لیے بھی تعاون کیا جائے گا۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی نے کہا کہ صنعت اور جامعہ کے مابین روابط قومی ترقی اور معاشی استحکام کے لیے ناگزیر ہیں۔ انہوں نے نوجوان کاروباری افراد اور اسٹارٹ اپس کے فروغ کے لیے عملی اشتراک کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ شراکت نہ صرف طلباء کے لیے مفید ثابت ہوگی بلکہ ملک کی معاشی ترقی میں بھی اہم کردار ادا کرے گی۔




