فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ”ڈیلی بزنس رپورٹ” میں شائع ہونے والی خبر ”8 بازاروں سمیت شہر بھر میں تجاوزات کی بھرمار” پر وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کا سخت ایکشن’ پاکستان کے مانچسٹر کو تجاوزات اور 8بازاروں کی خوبصورتی کیلئے میگا پراجیکٹ شروع کرنے کا حکم’ جس پر ڈویژنل کمشنر راجہ جہانگیر انور متحرک ہو گئے اور اپنے آفس میں تمام متعلقہ محکموں کے سربراہان کا نمائندہ اجلاس بلا لیا جس میں ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر’ ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن عامر رضا سمیت چیف ایگزیکٹو آفیسر فیسکو’ سوئی گیس’ ایم ڈی واسا اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ ڈویژنل کمشنر راجہ جہانگیر انور نے اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق فیصل آباد شہر کی تزئین وآرائش’ گھنٹہ گھر’ 8بازاروں کی بیوٹیفکیشن کے میگا پراجیکٹ کو رواں ماہ کے آخر تک شروع کرنے کا حکم دے دیا۔ ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر نے گھنٹہ گھر اور اس سے ملحقہ آٹھ بازاروں کو ”فری وہیکل” بنانے کیساتھ ساتھ شہر میں تجاوزات کے خاتمہ کیلئے اور شہر کی خوبصورتی کیلئے بریفنگ دی۔ جس پر ڈویژنل کمشنر نے کہا کہ گھنٹہ گھر کے 8بازاروں کی مرحلہ وار تزئین وآرائش کی جائے گی۔ 8بازاروں میں بجلی’ گیس واسا کی تمام سہولیات کو انڈرگرائونڈ کیا جائے گا۔ گھنٹہ گھر تاریخی عمارت کے تحفظ’ خوبصورتی کیلئے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ شہر کے تمام پارکس’ چوکوں’ گرین بیلٹس کو سنوارنے کا منصوبہ فوری شروع کیا جائے۔ شہر کے اہم مقامات پر مانومنٹس بنانے کیلئے ماہر کنسلٹنٹ کی خدمات حاصل کی جائیں تاکہ شہر کی خوبصورتی اور تزئین وآرائش کو جلد مکمل کیا جائے۔ گھنٹہ گھر اور بازاروں کی خوبصورتی سے کاروباری سرگرمیوں میں مزید اضافہ ہو گا۔ واضح رہے کہ ”ڈیلی بزنس رپورٹ” میں 9ستمبر 2025ء کو صفحہ اول پر خبر شائع کی تھی جس پر وزیراعلیٰ پنجاب نے نوٹس لیتے ہوئے پاکستان کے مانچسٹر فیصل آباد میگا پراجیکٹ کو شروع کرنے کے احکامات جاری کئے تھے۔




