فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ”ڈیلی بزنس رپورٹ” کی خبر پرایکشن’ ڈویژنل کمشنر محترمہ مسرت جبیں کے حکم پر عبداﷲ پور والے دونوں پُلوں کے اردگرد سے ”را میٹریل” اٹھا دیا گیا’ سول سوسائٹی’ شہریوں کی طرف سے اس اقدام کا خیرمقدم’ دوسری جانب عبداﷲ پور والے دونوں پُلوں کو کارپٹ کرنیکا ادھورا چھوڑا جانیوالا کام دوبارہ شروع نہ ہو سکا’ دونوں پُلوں پر کارپٹ کا کام جلد شروع کر کے پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے’ شہریوں کا پرزور مطالبہ۔ تفصیل کے مطابق عبداﷲ پور والے دونوں پُلوں پر کارپٹ کا کام آدھا مکمل’ آدھا ادھورا چھوڑا جا چکا ہے جس کے بارے میں ”ڈیلی بزنس رپورٹ” میں خبر شائع کی گئی جس میں یہ نشاندہی بھی کی گئی کہ کارپٹ کے کام کے باعث ”رامیٹریل” دونوں پُلوں کے اردگرد پڑا ہے جس سے ٹریفک کی روانی میں مشکلات اور حادثات کا خدشہ ہے۔ ڈویژنل کمشنر محترمہ مسرت جبیں نے اس خبر پر ایکشن لیا اور ان کے احکامات کی روشنی میں ستھرا پنجاب فیصل آباد کے ورکرز نے عبداﷲ پور والے دونوں پُلوں کے اطراف سے ”رامیٹریل” اٹھا کر شہریوں کو آمدورفت درپیش مشکلات حل کر دی ہیں۔ سول سوسائٹی اور شہریوں نے اس اقدام کو سراہا ہے جبکہ دونوں پُلوں پر شروع کر کے ادھورا چھوڑا جانیوالا کارپٹ کا کام دوبارہ شروع نہ ہو سکا ہے۔ ڈویژنل کمشنر محترمہ مسرت جبیں سے مطالبہ کیا ہے کہ عبداﷲ پور والے دونوں پُلوں پر کارپٹ کرنے کا کام جلد شروع کر کے اسے مکمل کروایا جائے تاکہ شہریوں کو درپیش مشکلات حقیقی معنوں میں حل ہو سکیں۔




