فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) کمشنر فیصل آباد مسرت جبیں کو ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری کی طرف سے بریفنگ دی گئی۔ انہوں نے بریفنگ سیشن کے دوران فیصل آباد ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے تنظیمی ڈھانچے،دائرہ اختیا ر، لیگل فریم ورک، کارکردگی، ترقیاتی سرگرمیوں اور دیگر متعلقہ امور کے بارے میں آگاہ کیا۔اس موقع پر ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن تنویر مرتضی، ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے قیصر عباس رند، ڈائریکٹرز جنید حسن منج، یاسر اعجاز چٹھہ،عاصم محمود،افنان سعید رندھاوا، ڈپٹی ڈائریکٹرز عدنان شہزاد، افضال انصاری،فاران صدیقی ودیگر افسران موجود تھے۔ کمشنر فیصل آباد نے بریفنگ کی تفصیلات اور مالی و انتظامی وسائل کے بہتر انداز میں استعمال پر ایف ڈی اے کی حکمت عملی کو سراہا اور کہا کہ عوامی بہبود اور ترقیاتی سرگرمیوں میں مصروف عمل اداروں کی سروسز کو یکجا کرکے شہری ترقی کی بنیادوں کو مزید مستحکم بنانے کے لئے اقدامات کریں گے۔ انہوں نے فیصل آباد ماسٹر پلان کے حوالے سے درپیش رکاوٹوں کودور کرنے کے لئے تیز رفتار اقدامات کرنے پر زور دیا۔انہوں نے ایف ڈی اے سٹی میں دستیاب پلاٹس فیسکو کو فروخت کرنے کے معاملات کو خوش آئنداور ادارہ کے مالی استحکام کے لئے مفید اقدام قرار دیا۔ کمشنر فیصل آباد نے ایف ڈی اے کو درپیش مسائل کوحل کرنے کے لئے بھرپور معاونت کا یقین دلایا اور کہا کہ ترقیاتی عمل میں ایف ڈی اے کو سرگرم عمل رکھا جائیگا۔اس سے قبل ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے نے بریفنگ کے دوران کمشنر فیصل آبادمسرت جبیں کو فیصل آباد ماسٹر پلان کے نمایاں پہلوں اور موجودہ صورت حال سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ اس ضمن میں عدالت عالیہ کی طرف سے اٹھائے گئے اعتراضات کو دور کرنے کے لئے تحفظ ماحول کے حوالے سے کنسلٹنٹ کی خدمات حاصل کرلی گئی ہیں۔




