فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ڈائریکٹر جنرل زراعت (توسیع)پنجاب چوہدری عبد الحمید نے ٹوبہ ٹیک سنگھ کا دورہ کیا اور فیلڈ فارمیشنز کے ساتھ ایک جائزہ اجلاس کی صدارت کی جس میں جاری زرعی سرگرمیوں اور گندم کی کٹائی و خریداری مہم کی تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں کپاس کی کاشت، گندم کی فصل کی موجودہ صورتحال، کسان کارڈ کے تحت ریکوری اور وزیراعلی پنجاب کے گرین ٹریکٹر پروگرام کے تحت فراہمی کا جائزہ لیا گیا۔ اہداف کے بروقت حصول اور کاشتکاروں کو سہولیات کی فراہمی پر زور دیا گیا۔اجلاس کے بعد ڈائریکٹر جنرل زراعت (توسیع) نے گندم کی فصل کا فیلڈ سروے کیا اور حالیہ بارشوں کے اثرات کے حوالے سے کاشتکاروں سے گفتگو کی۔ کاشتکاروں نے بتایا کہ فصل پکا کے مرحلے میں داخل ہو چکی ہے تاہم مزید بارش کی صورت میں فصل گرنے (لیجنگ) اور کٹائی میں تاخیر کا خدشہ ہے۔اس کے باوجود انہوں نے بمپر پیداوار کی توقع ظاہر کی۔انہوں نے فیلڈ سٹاف کو ہدایت کی کہ وہ کاشتکاروں کو کٹائی اور تھریشنگ کے حوالے سے رہنمائی فراہم کریں تاکہ نقصانات کو کم سے کم کیا جا سکے۔ انہوں نے واضح کیا کہ سروس فراہم کرنے والوں کی جانب سے کاشتکاروں کے استحصال کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی اور کمبائن ہارویسٹر اور تھریشنگ کے سرکاری نرخوں پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔




