لاہور(بیوروچیف) محکمہ داخلہ پنجاب نے کالعدم تحریک لبیک پاکستان کیخلاف 12مقدمات کی تفتیش کے لیے 12جے آئی ٹیز تشکیل دے دیں۔محکمہ داخلہ کے نوٹیفکیشن کے مطابق 7جے آئی ٹیز لاہور اور 5شیخوپورہ میں درج مقدمات کی تفتیش کریں گی۔جے آئی ٹیز دہشتگردی سمیت دیگر سنگین دفعات کے تحت درج مقدمات کی تفتیش کریں گی جبکہ جے آئی ٹیز میں پولیس، سی ٹی ڈی اور حساس اداروں کے نمائندے شامل ہیں۔ ان مقدمات کی تفتیش کے لیے جے آئی ٹیز بنانے کی درخواست پنجاب پولیس نے کی تھی، کالعدم ٹی ایل پی کے خلاف 75سے زائد مقدمات میں 2 ہزار سے زائد نامزد شرپسند گرفتار ہیں۔




