بدین (نامہ نگار)تلہار کے قریب بدین روڈ پر واقع ایک رائس مل میں بجلی کا کرنٹ لگنے سے ایک نوجوان مزدور جاں بحق ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق تلہار شہر کے نواح میں بدین روڈ پر قائم ایک رائس مل میں مبینہ طور پر پانی کی موٹر چلاتے ہوئے بجلی کا کرنٹ لگنے سے گاں محسن چانڈیو کا رہائشی 30 سالہ محمد رحیم ولد عارب چانڈیو بے ہوش ہوگیا۔ اسے تشویشناک حالت میں رورل ہیلتھ سینٹر تلہار منتقل کیا گیا، جہاں وہ دورانِ علاج دم توڑ گیا۔ متوفی کے رشتہ دار محمد عمر چانڈیو نے الزام عائد کیا کہ وہ دونوں رائس مل میں مزدوری کرتے تھے۔ ان کے مطابق محمد رحیم بجلی کے نظام سے واقف نہیں تھا، تاہم مل کے مستری نے اسے پانی کی موٹر چلانے کے لیے بھیجا، جہاں اسے کرنٹ لگ گیا۔ ورثا کے مطابق متوفی کی شادی تقریبا 18 ماہ قبل ہوئی تھی جبکہ اس کی اہلیہ حاملہ ہے۔ محمد رحیم کی میت جب آبائی گاں پہنچی تو گھر میں کہرام مچ گیا اور اہل خانہ غم سے نڈھال ہوگئے۔ پولیس کے مطابق واقعے کے حوالے سے مزید قانونی کارروائی اور تفتیش جاری ہے ۔




