فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) آر پی او سہیل اختر سکھیرا نے کرپشن’ ناقص کارکردگی اور اختیارات سے تجاوز کرنے پر 2 پولیس کانسٹیبلان کو نوکری سے برخاست’ ایک انسپکٹر کو سب انسپکٹر بنا دیا، دیگر کو مختلف سزائیں سنا دیں۔ تفصیل کے مطابق آر پی او سہیل اختر سکھیرا نے پولیس لائنز میں آر پی او سہیل اختر سکھیرا نے پولیس لائنز کمپلیکس میں اردل روم کا انعقادکیا۔ جس میں ریجن بھر کے 100سے زائد پولیس افسران و اہلکاروں کے شوکاز نوٹسز کی سماعت کی گئی۔ کرپشن، ناقص کارکردگی، اختیارات سے تجاوز اور غفلت و لاپرواہی پر متعدد پولیس افسران و اہلکاروں کومحکمانہ قواعد و ضوابط کے تحت مختلف نوعیت کی سزائیں دی گئی۔ کانسٹیبل مظفر منیر اور کانسٹیبل آصف شہزاد، ضلع فیصل آباد کو ملازمت سے برخاست کرنے کے احکامات اور انسپکٹر ثمر عباس ضلع جھنگ کو انسپکٹر کے عہدے سے تنزلی کرتے ہوئے سب انسپکٹر بنا دیا، جبکہ انسپکٹر وسیم طارق کی 2سال اورانسپکٹر اشفاق احمدضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ، سب انسپکٹر محمد علی ضلع جھنگ کی 1,1سال کی سروس ضبط کرنے کے احکامات جاری کیے گئے۔ مزید سب انسپکٹر حاکم علی، سب انسپکٹر زاہد محمود، کانسٹیبل تیمورضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ، کانسٹیبل اسامہ شفیق، شاہ زیب ضلع فیصل آباد کی 6، 6ماہ کی سروس ضبط کرنے کے احکامات جاری کیے گئے۔انسپکٹر ذیشان حیدرضلع جھنگ کی 2سال کے لیے پروموشن روکنے کے احکامات جبکہ 18پولیس افسران کی تنخواہ میں 2درجے تنزلی کے احکامات صادر کیے گئے۔ شوکاز نوٹسز کی سماعت کے دوران متعدد پولیس افسران کو سنشور کی سزائیں بھی دی گئیں۔اردل روم کی سماعت کے دوران 60سے زائدپولیس افسران و اہلکاران کے شوکاز نوٹسز فائل کردیئے گئے۔آر پی او سہیل اختر سکھیرا نے کہا کہ محکمہ پولیس میں کرپٹ، نااہل اور اختیارات کا ناجائز استعمال کرنے والے افسران و اہلکاران اپنا قبلہ درست کرلیں۔ بد اخلاق اور اچھی شہرت نہ رکھنے والے ملازمان کی محکمہ پولیس میں کوئی جگہ نہیں ہے۔ محکمہ پولیس میں احتساب اور میرٹ کے عمل کو مزید موثر بنایا جارہاہے تاکہ پولیس فورس کے نظم و ضبط اور عوام کے اعتماد کو برقرار رکھا جا سکے۔




