کرکٹ ٹیلنٹ ٹرائلز کا آغاز 26جون سے کوئٹہ میں ہو گا

اسلام آباد (سپورٹس نیوز) وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت کرکٹ ٹیلنٹ ہنٹ ٹرائلز کا باقاعدہ آغاز 26 جون سے کوئٹہ میں ہوگا جو ملک بھر کے نوجوان کرکٹ کھلاڑیوں کی تلاش اور تربیت کی جانب ایک اہم قدم ہے۔یہ کرکٹ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام حکومت کی جانب سے نوجوانوں کو کھیل، تعلیم، روزگار اور ڈیجیٹل مواقع فراہم کرنے کی کوششوں کا حصہ ہے جس کا مقصد نوجوانوں کو بااختیار بنانا ہے۔وزیراعظم یوتھ پروگرام کے ایک عہدیدار کے مطابق وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت 23 کھیلوں کے ٹیلنٹ ہنٹ ٹرائلز منعقد کیے جائیں گے۔ پہلے مرحلے میں کرکٹ ٹیلنٹ ہنٹ ٹرائلز کا باقاعدہ آغاز 26 جون سے کوئٹہ میں ہو رہا ہے۔ اس کے بعد صوبہ پنجاب، صوبہ سندھ سمیت دیگر علاقوں میں یہ ٹرائلز منعقد کیے جائیں گے۔یہ ٹرائلز لاہور قلندرز کے تعاون سے منعقد کیے جا رہے ہیں جہاں نوجوان کھلاڑی اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں گے اور اعلی درجے کی ٹیموں میں شامل ہونے کے مواقع حاصل کریں گے۔ملک کے مختلف شہروں میں منعقد ہونے والے ان ٹرائلز کا مقصد تمام پس منظر سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں کو ایک مساوی پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے اور خاص طور پر پسماندہ علاقوں کے باصلاحیت کھلاڑیوں کو آگے لانا ہے۔یہ ٹرائلز مرد و خواتین دونوں کیٹیگریز میں ہوں گے اور پاکستان کے بڑے شہروں کے بڑے سٹیڈیمز میں منعقد کیے جائیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں