لاہور (سپورٹس نیوز) ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس سینٹر عاقب جاوید کا کہنا ہے کہ جادو کی چھڑی سے پاکستان کی کرکٹ ٹھیک نہیں ہوسکتی۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے سابق کرکٹر عاقب جاوید نے کہا کہ میں پی سی بی میں بغیر کوئی پلان بنائے نہیں آگیا تھا کہ میں کرکٹ میں بڑی تبدیلی لے کر آجائوں گا۔انہوں نے کہا کہ میں نے پہلے پلان بنایا تھا، چیئرمین کرکٹ بورڈ کو پلان دکھایا اور کہا کہ اس کو دیکھیں اور مجھ سے پوچھیں کہ کتنی دیر میں یہ چیزیں ٹھیک ہوسکتی ہیں۔عاقب جاوید کا کہنا تھا کہ لیکن لوگ سمجھتے ہیں کہ کوئی بھی آئے گا اور جادو کی چھڑی مار کر سب ٹھیک کردے گا ورنہ وہ گھر چلا جائے ایسا نہیں ہوتا۔اس سے قبل میڈیا سے گفتگو میں عاقب جاوید کا کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ کی بہتری کے لیے کوئی ٹائم لائن نہیں دی جا سکتی اور یہ نہیں کہا جا سکتا کہ 6 ماہ بعد قومی ٹیم کبھی نہیں ہارے گی۔ان کا کہنا تھا کہ کھلاڑیوں کی سلیکشن کے عمل کو بہتر بنانا ہماری ترجیح رہی ہے، کیونکہ چیئرمین پی سی بی کی ہدایت تھی کہ سلیکشن کو شفاف بنانا ہے۔ اب کھلاڑی پر فارم کرے گا تو ہی اس کی سلیکشن ہوگی۔عاقب جاوید کا کہنا تھا کہ ڈومیسٹک میں کھلاڑیوں کا کرائیٹیریا الگ کر دیا گیا ہے اور اب قومی سطح پر بھی چار کٹیگری اے بی اور سی بالترتیب ٹیسٹ، ون ڈے اور ٹی 20 کے لیے بنائی گئی ہیں۔




