اسلام آباد (بیوروچیف) فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے کسٹمز ملازمین کیلئے کنٹری بیوٹری پنشن فنڈ سکیم 2024نافذ کرنے کی تیاری شروع کر دی، اس سلسلے میں ملازمین کا تصدیق شدہ ریکارڈ طلب کر لیا گیا۔ایف بی آر نے تمام چیف کلکٹرز، کلکٹرز اور ڈائریکٹرز جنرل کو مراسلہ جاری کرتے ہوئے یکم جولائی 2024 سے ریگولر بنیادوں پر بھرتی ہونے والے کسٹمز ملازمین کی تفصیلات طلب کر لی ہیں۔مراسلے میں گریڈ ایک سے 15تک کے تمام ریگولر ملازمین کا ڈیٹا مرتب کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ متعلقہ ملازمین کی مکمل تفصیلات اور تاریخِ تقرری بھی فراہم کرنے کا کہا گیا ہے۔ایف بی آر نے فیلڈ فارمیشنز کے سربراہان کو مقررہ فارمیٹ کے مطابق ریکارڈ تیار کرنے اور اس کی تصدیق یقینی بنانے کا پابند کیا ہے۔وفاقی حکومت کی پنشن سکیم 2024 کے تحت کنٹری بیوٹری پنشن فنڈ نظام پر عملدرآمد کیلئے ملازمین کا ڈیٹا اکٹھا کیا جا رہا ہے۔نئے پنشن نظام کے تحت ملازم کو اپنی اور حکومت کی جانب سے جمع کرائی گئی رقوم کے ساتھ سرمایہ کاری سے حاصل ہونے والا منافع بھی ملے گا۔ایف بی آر کے اس اقدام کا مقصد نئے بھرتی ہونے والے کسٹمز ملازمین کو کنٹری بیوٹری پنشن فنڈ سکیم کے دائرہ کار میں لانا ہے۔




