ٹرانسپورٹ کرایوں میں کمی نہ ہونے پر اظہار تشویش

فیصل آباد( سٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی کے ضلعی امیرمیاںطاہرایوب نے پٹرولیم مصنوعا ت کی قیمتوں میں کمی کے باوجود ملک بھر میں ٹرانسپورٹ کرایوںاور اشیائے خوردونوش کی قیمتو ں میں کمی نہ ہونے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ صورتحال انتظامیہ کی بدترین نااہلی، غفلت اور عوام دشمن طرزِ حکمرانی کا کھلا ثبوت ہے۔انہوںنے کہا کہ جب پٹرول مہنگا ہوتا ہے تو ٹرانسپورٹرز اور تاجر چند گھنٹوں میں کرایوں اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ کر دیتے ہیں لیکن جب پٹرول سستا ہوتا ہے تو حکومت ، انتظامیہ اور متعلقہ ادارے مکمل خاموشی اختیار کر لیتے ہیں۔ یہ دوہرا معیار کسی صورت بھی قبول نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ، پرائس کنٹرول مجسٹریٹس اور متعلقہ محکمے اپنی آئینی و قانونی ذمہ داریاں ادا کرنے میں بری طرح ناکام ہو چکے ہیں۔ حکومتی رٹ صرف عام شہریوں پر نظر آتی ہے جبکہ منافع خور عناصر، ذخیرہ اندوز اور ٹرانسپورٹ مافیا کو کھلی چھوٹ دے دی گئی ہے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں