گجرات (نامہ نگار)سابق وفاقی وزیر خوجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ کشمیریوں کو ووٹ کا حق ملنا چاہیے، اختلافِ رائے غداری نہیں۔ گجرات میں کشمیر انتخابات کے حوالے سے ایل اے 38جموں 5کے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ کشمیریوں سے بڑا پاکستانی کوئی نہیں، جو اپنے خون سے آزادی کے لیے قربانیاں دے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کے جائز مطالبات پر بات ہونی چاہیے اور انتخابات میں رکاوٹیں نہیں ڈالنی چاہئیں تاکہ انہیں ووٹ کے ذریعے حقِ رائے دہی مل سکے۔انہوں نے کہا کہ کشمیر میں موجودہ صورتحال بیڈ گورننس کا نتیجہ ہے ،مسائل کے حل کیلئے بات چیت کا ماحول پیدا کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے، لاک ڈان مسائل کا حل نہیں، جبکہ اختلافِ رائے رکھنے والوں کو غدار قرار دینا بھی درست نہیں۔خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ جنگیں صرف فوج نہیں بلکہ پوری قوم لڑتی ہے اور ان کے نتائج بھی قومیں ہی بھگتتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور کشمیریوں کا سب سے بڑا دشمن بھارت موجودہ صورتحال سے فائدہ اٹھا رہا ہے، اس لیے کشمیر کے مسئلے کا پائیدار حل نکالنا ضروری ہے، وہ اس وقت کسی سرکاری عہدے پر نہیں، تاہم کشمیریوں کے مسائل کے حل کے لیے کوئی راستہ ضرور نکلنا چاہیے۔سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ اگر کشمیریوں کے ووٹ کو شمار نہ کیا جائے تو اس کا مطلب کشمیر کو تسلیم نہ کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ وہ اور عابد رضا کوٹلہ گزشتہ انتخاب ہار گئے، تاہم ان کا سیاسی سرمایہ پہلے سے زیادہ مضبوط ہوا ہے، اور سیاسی کارکن سخت حالات کا سامنا کرتے ہیں مگر گالی کا جواب گالی سے نہیں دیتے۔




