کمالیہ میں مبینہ پولیس مقابلہ،1ڈاکو ہلاک2فرار

کمالیہ(نامہ نگار)کمالیہ میں سی سی ڈی اور ڈاکوں کے درمیان پولیس مقابلہ، ایک ملزم ہلاک ، دو فرارتحصیل کمالیہ میں کانٹر کرائم ڈیپارٹمنٹ سی سی ڈی اور مبینہ ڈاکوں کے درمیان ہونے والے پولیس مقابلے میں ایک خطرناک ملزم ہلاک جبکہ اس کے دو ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے ۔ذرائع کے مطابق سی سی ڈی انچارج سلمان شاہد کی قیادت میں پولیس پارٹی معمول کی گشت پر تھی کہ مشکوک افراد کی موجودگی کی اطلاع پر کارروائی کی گئی۔ اس دوران ملزمان نے پولیس کو دیکھتے ہی فائرنگ شروع کر دی، جس پر سی سی ڈی اہلکاروں نے حقِ حفاظتِ خود اختیاری کے تحت جوابی فائرنگ کی۔ دونوں جانب سے فائرنگ کا تبادلہ کافی دیر تک جاری رہا۔فائرنگ رکنے کے بعد ایک زخمی ملزم کو تحویل میں لے کر فوری طور پر تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال کمالیہ منتقل کیا گیا، جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والے ملزم کی شناخت قاسم عرف کاشی شاہ ولد علی رضا شاہ سکنہ 715 گ ب کمالیہ کے نام سے ہوئی ہے ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم کے قبضے سے موقع پر پستول بھی برآمد ہوا ہے ۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق ہلاک ملزم قتل، اقدام قتل، اغوا، منشیات فروشی اور چوری سمیت متعدد سنگین مقدمات میں ریکارڈ یافتہ تھا۔پولیس کے مطابق مقابلے کے دوران دو نامعلوم ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے ، جن کی گرفتاری کے لیے ضلع بھر میں ناکہ بندی کر دی گئی ہے اور سرچ آپریشن جاری ہے ۔سی سی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ علاقے میں امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے لیے کارروائیاں مزید تیز کی جائیں گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں