کمالیہ(نامہ نگار)تھانہ سٹی کمالیہ کی حدود میں ڈکیتی کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔ محلہ اسلام پورہ کے رہائشی احسان اللہ اور محمد حسن چک 713 گ ب جا رہے تھے کہ شالیمار فورٹس کے قریب دو نامعلوم موٹر سائیکل سوار ملزمان نے انہیں روک کر اسلحہ کے زور پر موبائل فون، نقدی اور شناختی کارڈ چھین لیا۔واردات کے دوران مزاحمت پر ایک ملزم نے فائر کیا جو اس کے اپنے ساتھی کو جا لگا۔ زخمی ڈاکو کو فوری طور پر THQ ہسپتال منتقل کیا گیا، جس کی شناخت محمد آصف ولد اللہ بخش سکنہ مانگا لاہور کے طور پر ہوئی ہے ۔ ذرائع کے مطابق ملزم سابقہ ریکارڈ یافتہ ہے ۔دوسرا ملزم موقع سے فرار ہوتے ہوئے گشت کرتی پولیس ٹیم پر فائرنگ کرتا ہوا چک 715 گ ب کی طرف بھاگ نکلا۔ فرار ملزم کی تلاش جاری ہے اور مقدمہ درج کر کے کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے ۔ترجمان پولیس کے مطابق ASP معاذالرحمن اور SHO علی عمر کی نگرانی میں مزید تحقیقات جاری ہیں۔




