کمالیہ(نامہ نگار)کمالیہ کی خستہ حال سڑکیں عوام کے لیے عذاب بن گئیں۔تفصیل کے مطابق کمالیہ شہر کی اہم سڑکیں، بالخصوص منڈی موڑ سے ٹیلی فون ایکسچینج اور ماموں موڑ تک کا علاقہ اس وقت شدید ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے ۔ سڑکوں کی خراب حالت اور مسلسل اڑتی ہوئی گرد و غبار نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے ۔ متاثرہ علاقوں میں روزمرہ سفر کرنا شہریوں کے لیے ایک مشکل مرحلہ بن چکا ہے ۔سڑکوں پر جا بجا گڑھے ، اکھڑی ہوئی تارکول اور کھلے مین ہول نہ صرف ٹریفک کی روانی میں رکاوٹ کا سبب بن رہے ہیں بلکہ یہ حادثات کو بھی جنم دے رہے ہیں۔ اِن راستوں سے گزرنے والی گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کے باعث جو دھول اور مٹی فضا میں بلند ہوتی ہے ، وہ اردگرد کے مکینوں کے لیے شدید صحت کے مسائل پیدا کر رہی ہے ۔عوام نے اعلی حکام سے اپیل کی ہے کہ متاثرہ سڑکوں کی ہنگامی بنیادوں پر مرمت کی جائے تاکہ شہری سکھ کا سانس لے سکیں۔




