کمال آباد میں مصالحہ جات تیار کرنیوالا یونٹ پکڑا گیا

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ٹیم نے کمال آباد کے قریب چھاپہ مار کر جعلی مصالحہ جات تیار کرنے والا یونٹ پکڑ لیا’ 881 کلو جعلی مصالحہ جات قبضہ میں لیکر تلف کر دیا جوکہ معروف برانڈ کے مصالحہ جات کے ڈبوں میں پیک کر کے شہر بھر میں فروخت کئے جا رہے تھے، 3ہزار سے زائد معروف برانڈ کے ڈبے بھی برآمد کر کے یونٹ کو سیل اور مالک کو حراست میں لیکر حوالہ پولیس کر دیا۔ تفصیل کے مطابق پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ٹیم کو اطلاع ملی تھی کہ کمال آباد بیس لائن پر جعلی مصالحہ جات تیار کر کے شہر بھر میں فروخت کئے جا رہے ہیں جس پر پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ٹیم نے چھاپہ مارا تو وہاں پر بھاری تعداد میں معروف برانڈ کے مصالحہ جات کے ڈبوں میں جعلی مصالحے پیک کئے جا رہے تھے اور ٹیسٹ کرنے پر مصالحہ جات مضرصحت اور غیر معیاری نکلے۔ جبکہ یونٹ میں گندگی کے ڈھیر اور حشرات کی بھرمار پائی گئی جس پر ٹیم نے 881 کلوگرام جعلی مصالحہ جات’ 3ہزار سے زائد جعلی مصالحہ کے پیکٹ قبضہ میں لیکر تلف کر دیئے اور یونٹ کو سیل کر کے مالک کو حوالہ پولیس کر دیا۔ پنجاب فوڈ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ انسانی صحت سے کھیلنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں