ساہیوال ( بیورو چیف) کمشنر ساہیوال ڈویژ ن ڈاکٹر آصف طفیل نے شہریوں کو جدید اور معیاری سفری سہولیات کی فراہمی کے لیے شہر میں قائم الیکٹرک بس اسٹاپس کی مرمت، بحالی اور تزئین و آرائش کے کام کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنے کی ہدایت جاری کر دی۔ انہوں نے الیکٹرک بس اسٹاپس کی موجودہ صورتحال، دستیاب سہولیات اور جاری مرمتی کاموں کا تفصیلی جائزہ بھی لیا۔ چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن شیخ اشفاق احمد نے سٹاپس کی بحالی اور ضروری تعمیراتی و مرمتی اقدامات کے حوالے سے بریفنگ دی۔ ڈاکٹر آصف طفیل نے ہدایت کی کہ تمام الیکٹرک بس اسٹاپس کو فعال، محفوظ اور شہریوں کے لیے آرام دہ بنانے کے لیے ریپیئرنگ اور مینٹیننس کے کام جلد مکمل کیے جائیں تاکہ مسافروں کو بہتر سفری ماحول میسر آ سکے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی سہولیات کے منصوبوں کی مؤثر دیکھ بھال مقامی اداروں کی بنیادی ذمہ داری ہے اور اس ضمن میں کسی قسم کی غفلت یا تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔ کمشنر ساہیوال نے کہا کہ حکومت پنجاب شہریوں کو جدید سفری سہولیات کی فراہمی اور شہری انفراسٹرکچر کی بہتری کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ بس اسٹاپس کی صفائی، روشنی، نشستوں اور دیگر سہولیات کی بحالی میں اعلیٰ معیار کو یقینی بنایا جائے تاکہ یہ سہولت عوام کی توقعات کے مطابق مؤثر انداز میں استعمال ہو سکے۔




