فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات پرفیصل آبادڈویژن کی تحصیلوں میں عوامی مسائل کے حل کے لئے کھلی کچہریاں لگانے کا سلسلہ جاری ہے۔کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انورنے میونسپل کمیٹی تحصیل گوجرہ میں کھلی کچہری لگائی اورسائلین کے مسائل سننے ان کی نشستوں پر گئے۔ انہوں نے شہریوں کے محکمہ مال،سیوریج سسٹم،سٹریٹ لائٹس،اراضی پر قبضہ سے متعلقہ مسائل سن کرمتعلقہ محکموں کوتیز رفتار حل کے لئے موقع پر ہی احکامات جاری کرتے ہوئے ڈیڈ لائنز دیں۔انہوں نے میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ریونیو سمیت تمام محکموں کے افسران کو دفاتر میں دستیاب رہنے کی واضح ہدایات جاری کی ہیں جس پر زیروٹالرنس ہے۔آئندہ جو افسر دفتر میں نہیں بیٹھے گا وہ گھر جائے گا۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب کی ہدایات ہیں کہ عوام کے پاس جا کر مسائل سنیں اور حل کریں۔وزیراعلی پنجاب نے قبضہ مافیا کا باب بند کردیا ہے اب شہریوں کی قبضہ مافیا کی شکایات ترجیحی بنیادوں پر حل ہوں گی جس کے لئے ڈپٹی کمشنرز بھی سرگرم عمل ہیں۔انہوں نے بتایا کہ تحصیل گوجرہ کے مسائل کے حل کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں اور پنجاب سیٹیز پروگرام کے تحت سیوریج کی میگا سکیم پر کام جاری ہے جس کی تکمیل سے گوجرہ کے عوام کے دیرینہ مسائل حل ہونگے۔کمشنر نے میونسپل کمیٹی آفس میں شہر کی تعمیروترقی اورشہریوں کو میونسپل سروسز کی فراہمی کے لئے تحصیل انتظامیہ کے جاری اقدامات پر بریفنگ بھی لی اور افسران کو تاکید کی کہ عوامی خدمت کا مشن جاری رکھا جائے۔انہوں نے وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق صحت کی معیاری سہولیات مریضوں تک پہنچانے کے اقدامات کے تحت تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتال گوجرہ کادورہ کیا اورمریضوں کی صحت دریافت اور ادویات ہسپتال سے ملنے کی تصدیق کی۔انہوں نے مختلف وارڈز کا دورہ کرکے علاج معالجہ،ڈاکٹرز کی موجودگی،صفائی کی صورتحال کو چیک کیا اور کہا کہ مریضوں کے رش کی صورت میں بہترین حکمت عملی اختیار کی جائے۔انہوں نے کہا کہ ہسپتال کو شکایت فری بنانا اورصحت کے شعبہ میں حکومتی اقدامات کے ثمرات عام مریضوں تک بلارکاوٹ پہنچانے ہیں۔کمشنر فیصل آباد نے علی اصغر پارک کا بھی دورہ کیا اور بچوں و فیملیز کے لئے دستیاب تفریحی سہولیات دیکھیں۔انہوں نے پارک میں لائٹنگ،بیٹھنے کے مناسب انتظامات،پلانٹیشن کرنے کی ضرورت پر زور دیااور کہا کہ پبلک پارکس حقیقی معنوں میں تفریح گاہ ہونے چاہیں۔انہوں نے ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پراجیکٹ کی سائٹ کا دورہ کیا اور اہم پراجیکٹ کی تعمیراتی پیشرفت پر بریفنگ لی۔انہوں نے کہا کہ منصوبہ کو مقررہ ٹائم فریم میں مکمل کیا جائے اس ضمن میں دستیاب وسائل کو دانشمندانہ انداز میں بروئے کار لائیں۔دریں اثناء ۔فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور نے بزنس کمیونٹی کے مسائل کے حل اور کوآرڈینیشن کے لئے چار رکنی کمیٹی قائم کردی۔ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن کی سربراہی میں کمیٹی میں ڈپٹی ڈائریکٹر تحفظ ماحول،ڈسٹرکٹ آفیسر انڈسٹریز، کامرس اینڈ انویسٹمنٹ اور چیمبر آف کامرس سے نمائندہ شامل ہیں۔کمیٹی کے قیام کا مقصد کمیونٹی سے کوآرڈینیشن اور تعاون کو فروغ دینا ہے۔علاوہ ازیں کاروباری طبقہ کے مسائل کو شفاف انداز میں بروقت حل،حکومتی اداروں اور بزنس کمیونٹی کے مابین بات چیت کے لئے پلیٹ فارم فراہم اور کاروباری حضرات کے مسائل کی نشاندہی کے ساتھ انہیں ریلیف فراہم کرنا ہے۔




