کمشنر سرگودھا کا ڈویژن بھر کے ریونیو افسران کی کارکردگی پر عدم اطمینان

سرگودھا (بیوروچیف) کمشنر سرگودھا ڈویژ ن حافظ شوکت علی نے ڈویژن کے ریونیو افسران کی مجموعی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ہر ضلع کے ریونیو افسران کی انفرادی کارکرد گی کا جائزہ لینے کے لئے الگ الگ اجلاس طلب کرنے کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ آئندہ اجلاسوں میں افسران کی کارکردگی کی بنیاد پر جزا و سزا کا تعین کیا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ریونیو امور سے متعلق ایک جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلا س میں ڈویژن کے چاروں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز (ریونیو)، اسسٹنٹ کمشنرز، دیگر ریونیو افسران اور بورڈ آف ریونیو کے پلس پراجیکٹ کے فوکل پرسن نے شرکت کی۔ کمشنر سرگودھا نے کہا کہ ریونیو کا نظام محکمہ ریونیو کی بنیادی ذمہ داری ہے تاہم کئی معاملات میں کارکردگی اور رفتار تسلی بخش نہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب وہ خود ہر ضلع کے اجلاس کی صدارت کریں گے اور افسران کی فرداً فرداً کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا تاکہ نظام کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔اجلاس میں اسٹامپ ڈیوٹی، انتقالات، رجسٹریشن فیس، زرعی انکم ٹیکس، واٹر ریٹ، تاوان، کنڈونیشن فیس، موضع جات کی ڈیجیٹلائزیشن اور ریونیو کورٹس میں زیر التواء مقدمات سمیت بورڈ آف ریونیو کے مختلف اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ کمشنر سرگودھا نے اے ڈی سی آرز کو ہدایت کی کہ مقرر کردہ تمام ریونیو ٹارگٹس واضح انداز میں مرتب کئے جائیں اور ہر ضلع و تحصیل کی کارکردگی کا مکمل ریکارڈ تیار رکھا جائے تاکہ آئندہ اجلاسوں میں افسران سے براہ راست جواب طلب کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ بقایاجات کی وصولی میں سستی برداشت نہیں کی جائے گی اور تمام ریونیو افسران کو تحصیل کی سطح پر مقررہ اہداف ہر صورت حاصل کرنا ہوں گے۔ کمشنر نے تحصیل سرگودھا میں سب رجسٹرار کی ناقص کارکردگی کا بھی سخت نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ عوام کو رجسٹری کے لئے دفاتر کے چکر لگانے پر مجبور کرنا ناقابل قبول ہے۔ انہوں نے اے ڈی سی آر کو ہدایت کی کہ سب رجسٹرار کی دفتر میں حاضری اور مقررہ اوقات کار کی پابندی ہر صورت یقینی بنائی جائے۔اجلاس میں بورڈ آف ریونیو کے پلس پراجیکٹ کے فوکل پرسن نے ریکارڈ کوالٹی ایشورنس، ماس لیول پارٹیشن و میوٹیشن، موضع جات کی ڈیجیٹلائزیشن اور پارسل ڈیش بورڈ ودیگر کے پی آئیز سے متعلق سرگودھا ڈویڑن کی پیشرفت پر بریفنگ دی۔ اس موقع پر ہر ضلع اور تحصیل کی کارکردگی بھی پیش کی گئی۔ کمشنر سرگودھا حافظ شوکت علی نے بعض معاملات میں پیشرفت کو غیر تسلی بخش قرار دیتے ہوئے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ پلس پراجیکٹ کے تمام مراحل کو تیز کیا جائے اور مقررہ اہداف کے مطابق عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ریونیو نظام کی بہتری اور سرکاری محصولات میں اضافہ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے اور اس مقصد کے حصول میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں