سرگودہا (بیورو چیف) کمشنر سرگودہا ڈویژن جہانزیب اعوان نے سی او میونسپل کارپوریشن ماجد بن احمد کے ہمراہ شہر کے مختلف علاقوں کا تفصیلی دورہ کیا۔ انہوں نے سٹی روڈ، فیصل بازار، خوشاب روڈ، بلاک نمبر 12، گول چوک، آزاد چوک، پرانی پٹھہ منڈی روڈ اور کچہری بازار سمیت دیگر مقامات پر صفائی، تجاوزات کے خلاف کارروائی، پیچ ورک و دیگر محکموں کی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔ کمشنر کا کہنا ہے کہ ان دوروں کا مقصد عوامی سہولیات کو یقینی بنانا، شہری مسائل کا قریب سے مشاہدہ کرنا اور متعلقہ اداروں کی کارکردگی کو بہتر بنانا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ فیلڈ میں جا کر مسائل کا جائزہ لینے سے عوامی شکایات کو حقیقی معنوں میں سمجھا جا سکتا ہے، جس سے ان کا تدارک مؤثر انداز میں ممکن ہوتا ہے۔ کمشنر سرگودہا نے افسران کو ہدایت کی کہ عوامی ریلیف کے تمام اقدامات کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے۔ صفائی، نکاسی آب، تجاوزات کے خاتمے اور سڑکوں کی مرمت جیسے امور میں غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔




