کمشنر فیصل آباد کا نوٹس چند روز ہی اثر دکھا سکا،MCFبلڈنگ کے باہر پھر گندگی کے ڈھیر لگ گئے

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ریلوے اسٹیشن چوک میں واقع میونسپل کارپوریشن فیصل آباد کے مرکزی دروازے کے باہر گندگی کے ڈھیروں بارے ”ڈیلی بزنس رپورٹ” کی خبر پر کمشنر فیصل آباد مسرت جبیں نے نوٹس لیکر صفائی کروا دی جس پر شہریوں نے خوشی کا اظہار کیا مگر چند دنوں بعد ہی صفائی ستھرائی کی صورتحال پھر ابتر ہو گئی، MCF کے باہر بھی مستقل بنیادوں پر صفائی نہیں ہو سکتی تو شہر کے باقی علاقوں کا عالم کیا ہو گا، شہریوں کا شدید ردعمل۔ تفصیل کے مطابق ریلوے اسٹیشن چوک میں واقع میونسپل کارپوریشن فیصل آباد کے مرکزی دروازے کے ساتھ ایک بار پھر گندگی کے ڈھیر لگ گئے، چوک میں بنائی جانیوالی پبلک لائبریری کے بینچز’ وال آف فیصل آباد کے ساتھ کھال کی سلیبیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں، شہر کو خوبصورت بنانے کے دعویدار کمشنر فیصل آباد کے حکم پر اپنے ہی MCF دفتر کے باہر بھی صفائی کی صورتحال بہتر نہ رکھ سکے۔ کمشنر فیصل آباد وایڈمنسٹریٹر میونسپل کارپوریشن محترمہ مسرت جبیں کے حکم پر چند دن قبل MCF دفتر کے باہر صفائی ستھرائی کروا دی گئی مگر یہ کام مستقبل بنیاد پر نہ ہو سکا اور اب ایک بار پھر یہاں گندگی کے ڈھیر لگ چکے ہیں اور صورتحال جوں کی توں ہے، فیصل آباد کے اسٹیشن چوک میں واقع ایم سی ایف کے مرکزی گیٹ کے باہر صفائی کے حالات ناگفتہ بہ ہو چکے ہیں، شہر کو خوبصورت بنانے کی دعویدار میونسپل کارپوریشن کے مرکزی دروازے کے باہر ابتر صورتحال کے باعث لوگوں کا گزرنا بھی محال ہے جبکہ یہاں پر موجود کھال سے نکلنے والا پانی جمع رہنے سے سڑک کے ٹوٹنے کا خدشہ ہے۔ شہری حلقوں نے وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف’ کمشنر فیصل آباد وایڈمنسٹریٹر MCF محترمہ مسرت جبیں اور ارباب اختیار سے مطالبہ کیا ہے کہ میونسپل کارپوریشن کے دفتر کے باہر کی حالت زار کو مستقل بنیادوں پر بہتر رکھنے کے لیے موثر اقدامات اٹھائے جائیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں