کمشنر فیصل آباد کی زیر صدارت سکولز مینجمنٹ کمیٹی کا اجلاس

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) کمشنر فیصل آباد مسرت جبیں نے ایف ڈی اے سٹی میں ڈویژنل ماڈل کالج سب کیمپس کی عمارت کا گرائونڈ فلور فی الفور مکمل کرنے کا حکم دیا اور کہا کہ دستیاب فنڈز کو شفاف انداز میں تیزی سے بروئے کارلائیں جبکہ درکار فنڈز کیلئے بھی ترجیحی بنیادوں پر بندو بست کیا جائے اس ضمن میں مخیر کاروباری حضرات سے رابطہ جبکہ سافٹ لون کے لئے اقدامات کریں تاکہ ڈی ایم سی کو اپنی عمارت میں شفٹ کرکے ایف ڈی اے سٹی وملحقہ آبادیوں کے طالب علموں کو معیاری تعلیم کی فراہمی یقینی ہو۔سکولز مینجمنٹ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کمشنر نے واضح کیا کہ فیصل آباد کے ہر کونے میں با مقصد اور معیاری تعلیم کا فروغ اولین ترجیح ہے لہذا سب کیمپسز کے قیام اور فعال بنانے کیلئے تیز رفتار اقدامات یقینی بنائیں۔ کمشنر نے ڈویژنل پبلک سکول اینڈ کالج مین کیمپس میں کیریئر کونسلنگ سنٹرکے قیام کی ہدایت کی اور کہا کہ کونسلنگ سنٹر کی بدولت طالب علموں کے داخلہ فارم کو مکمل کرنے، سکالرشپ کے حصول سمیت دیگر تعلیمی امور میں رہنمائی ہوگی۔انہوں نے کہا کہ ڈویژن کے دیگر کیمپسز کو سنٹر سے بذریعہ ویڈیو لنک سسٹم منسلک رکھیں اور بوقت ضرورت طالب علموں کی رہنمائی کے لئے انہیں سہولت فراہم کی جائے۔کمشنر نے سکولوں کی انتظامیہ سے اتفاق کرتے ہوئے پبلک سکولوں میں سٹیشنری/یونیفارم شاپس کے قیام کی منظوری دی اور کہا کہ شاپس سے طالب علموں کے والدین کو ایک چھت تلے کتابیں، یونیفارم کی سہولیات دستیاب ہوں گی۔ کمشنر نے ڈویژنل ماڈل کالج سمن آباد کیمپس کی تیاری بارے بریفنگ لیتے ہوئے باقاعدہ افتتاح جلد کرنے کا فیصلہ کیا۔انہوں نے ساندل کالج میں آڈیٹوریم کے قیام کے لئے پی سی ون بنانے کی ہدایت بھی کی جبکہ پلانٹیشن فار جنریشنز مہم کے تحت شجرکاری کے اہداف تیزی سے مکمل کرنے کا حکم دیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں