کمشنر کی حادثات کا باعث بننے والے یوٹرنز کی نشاندہی کی ہدایت

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) کمشنر فیصل آباد ڈاکٹر عمران حامد شیخ نے چاروں اضلاع کے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسرز کوسرکاری ہسپتالوں سے ریفرل ہونے والے مریضوں کے ڈیٹا پر ورکنگ کا ٹاسک تفویض کردیا اور کہا کہ ہسپتالوں میں دستیاب طبی وسائل ہونے کے باوجود مریضوں کے ریفرل ہونے کی روک تھام یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسرزکو ایمرجنسی پروفائلنگ پر کام کرنے کا بھی ہدف دیا اور کہا کہ شاہراہوں پر رونما ہونے والے حادثات کی روک تھام کے لئے زمینی حقائق کے مطابق تجاویز فراہم کی جائیں۔انہوں نے کہا کہ حادثات کا باعث بننے والے یوٹرنز کی نشاندہی اور حادثات کی روک تھام کے لئے پیڈسٹرین تجویز کریں۔انہوں نے سنٹرل ریسکیو اسٹیشن کا دورہ کرکے میٹنگ کی۔ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر احتشام واہلہ نے ریسکیو اسٹیشن کے مختلف شعبہ جات کا تفصیلی دورہ کرایا۔کمشنر کو ریسکیو 1122 کی آپریشنل استعداد، ایمرجنسی رسپانس سسٹم، کنٹرول روم، ایمبولینسز، فائر وہیکلز، ریسکیو گاڑیوں اور جدید ایمرجنسی آلات کے بارے میں جامع بریفنگ دی گئی۔کمشنر فیصل آباد نے ریسکیو اسٹیشن کی مجموعی کارکردگی، گاڑیوں، آپریشنل سہولیات اور ہنگامی حالات میں استعمال ہونے والے جدید آلات کا تفصیلی جائزہ لیا۔انہوں نے بالخصوص مون سون اور ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لئے دستیاب فلڈ ریسکیو آلات، کشتیوں، لائف جیکٹس اور دیگر حفاظتی سامان کا معائنہ کیا۔ کمشنرڈاکٹرعمران حامد شیخ نے ریسکیو اہلکاروں کی پیشہ ورانہ مہارت، جذبہ خدمت اور ہر وقت تیار رہنے کی صلاحیت کو سراہتے ہوئے کہا کہ ریسکیو 1122 عوام کی جان و مال کے تحفظ میں انتہائی اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر نے کہا کہ ریسکیو 1122 فیصل آباد ہر قسم کی ہنگامی صورتحال، خصوصا مون سون اور ممکنہ سیلابی خطرات سے نمٹنے کے لئے مکمل طور پر تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام ریسکیو اہلکاروں کو جدید آلات کے استعمال کی باقاعدہ تربیت فراہم کی جا چکی ہے جبکہ فلڈ ریسکیو کے لئے درکار تمام مشینری، کشتیاں اور لائف سیونگ آلات فعال حالت میں موجود ہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں شہریوں کو بروقت، موثر اور معیاری امدادی خدمات فراہم کی جا سکیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں