لاہور (بیوروچیف) چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو سارہ احمد نے بچوں کے محفوظ اور مثبت ڈیجیٹل ماحول کی فراہمی کے لیے اہم قانون سازی کا اقدام کرتے ہوئے 16 سال سے کم عمر بچوں کی سوشل میڈیا تک رسائی محدود کرنے کی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کرا دی۔قرارداد کا مقصد بچوں کے محفوظ ڈیجیٹل مستقبل کو یقینی بنانا اور انہیں آن لائن خطرات سے تحفظ فراہم کرنا ہے۔ اس اقدام کے تحت کم عمر بچوں کے لیے محفوظ اور ذمہ دارانہ ڈیجیٹل ماحول کے فروغ پر زور دیا گیا ہے۔چیئرپرسن سارہ احمد کا کہنا ہے کہ ہر بچے کو محفوظ بچپن کے ساتھ ساتھ محفوظ ڈیجیٹل مستقبل فراہم کرنا حکومت پنجاب کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کے بہترین مفاد کا تحفظ حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے اور اس حوالے سے موثر قانون سازی وقت کی اہم ضرورت ہے۔ قرارداد پر بحث اور منظوری سے متعلق آئندہ کارروائی پنجاب اسمبلی کے قواعد و ضوابط کے مطابق عمل میں لائی جائے گی۔




